پروفیسر رام چندرم عثمانیہ یونیورسٹی اور پروفیسر اے وینوگوپال ریڈی جے این ٹی یو مقرر
حیدرآباد ۔ 25۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے آج 7 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا تقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ ان میں عثمانیہ یونیورسٹی، کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل، پالمور یونیورسٹی محبوب نگر ، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی، تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد ، پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی حیدرآباد اور جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد شامل ہیں۔ پروفیسر ایس رام چندرم پروفیسر آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انجنیئرنگ عثمانیہ یونیورسٹی کو عثمانیہ یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ ان کی میعاد 3 سال ہوگی۔ پروفیسر رام چندرم 2016 ء کے تلنگانہ ریاست پی جی آئی سیٹ کے کنوینر رہ چکے ہیں ۔ 14 جولائی 2014 ء سے عثمانیہ یونیورسٹی کی وائس چانسلر کا عہدہ خالی تھا۔ دو سال کے بعد مستقل وائس چانسلر کے تقرر پر اساتذہ اور طلبہ میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ پروفیسر رام چندرم کی تدریسی خدمات عثمانیہ یونیورسٹی پر ہی محیط ہیں۔ وہ 1988 ء سے 1999ء تک انجنیئرنگ کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر اور پھر 1999 ء سے 2005 ء تک اسوسی ایٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ جون 2005 ء میں انہیں پروفیسر کے عہدہ پر ترقی ملی ۔ وہ انجنیئرنگ کالج میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پروفیسر بی راجا رتنم پروفیسر آف کامرس عثمانیہ یونیورسٹی کو پالمور یونیورسٹی محبوب نگر کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا اور تقرر کی تاریخ سے ان کی میعاد 3 سال ہوگی۔ پروفیسر آر سائینا پروفیسر آف فزکس (ریٹائرڈ) عثمانیہ یونیورسٹی کو کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ پروفیسر کے سیتا راما راؤ پروفیسر آف پبلک اڈمنسٹریشن اینڈ ہیومن ریسورس مینجمنٹ (ریٹائرڈ) کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی حیدرآباد کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ پروفیسر پی سامبیا پروفیسر آف پبلک اڈمنسٹریشن آف ہیومن ریسورس مینجمنٹ (ریٹائرڈ) کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کو تلنگانہ یونیورسٹی ڈچپلی نظام آباد کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر ایس وی ستیہ نارائنا پروفیسر آف تلگو (ریٹائرڈ) عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کو پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی حیدرآباد کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ پروفیسر اے وینو گوپال ریڈی پروفیسر آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انجنیئرنگ عثمانیہ یونیورسٹی (ریٹائرڈ) کو جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ تمام وائس چانسلرس کی میعاد 3 سال رہے گی اور یہ تقررات حیدرآباد ہائیکورٹ میں وائس چانسلرس کے تقرر کے مسئلہ پر زیر التواء مقدمہ کے قطعی فیصلہ کے تابع رہیں گے۔