حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حکومت تلنگانہ نے ریاست تلنگانہ میں موجود زرعی مارکٹ کمیٹیوں کو تحلیل کردینے سے متعلق تازہ ترین احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ ذرائع کے بموجب ریاست تلنگانہ میں جملہ 150 زرعی مارکٹ کمیٹیوں کے منجملہ صرف 92 کمیٹیوں کی ہی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی جب کہ مابقی کمیٹیاں تشکیل نہیں دی گئی تھیں اور موجودہ زرعی کمیٹیوں کی تشکیل کانگریس دور حکومت میں ہی ہوئی تھی ۔ تشکیل تلنگانہ کے فوری بعد حکومت نے تلنگانہ میں موجود زرعی مارکٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے سے متعلق احکامات جاری کیے تھے جس کے خلاف موجودہ کمیٹیوں کے ارکان ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے جس پر ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ دیتے ہوئے حکومت کے احکامات کو نامناسب اور غیر کارکرد قرار دیا تھا جس پر حکومت تلنگانہ کے زرعی مارکٹ کمیٹیوں کی تحلیل سے متعلق جدید آرڈیننس کے ذریعہ تازہ احکامات جاری کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔۔