حیدرآباد۔/16جولائی، ( این ایس ایس ) ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی) نے تلنگانہ کے کسانوں کے کراپ لونس (فصل پر دیئے جانے والے قرض ) کے تقریباً تین سال تک دوبارہ تعین کو منظوری دی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت تلنگانہ کے نام اپنے مکتوب میں آر بی آئی نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ آیا وہ تین سال بعد رقم ادا کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں کسانوں کی مکمل تفصیلات، رقم کی حد اور ان احکام پر عمل آوری کے آغاز کی تاریخ و مدت کے بارے میں بھی معلومات طلب کی گئی ہیں۔ متعلقہ حکام اس ضمن میں تفصیلات جمع کررہے ہیں جو آر بی آئی کو روانہ کئے جائیں گے۔ جس کے ساتھ ہی یہ واضح ہوگیا ہے کہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت انتخابی منشور میں کئے گئے وعدہ کے مطابق زرعی قرض کے دوبارہ تعین کا عمل پورا کرسکتی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اس ضمن میں اعلان متوقع ہے۔