چیرمین ہرش کمار بھنوالا کی چیف منسٹر کے سی آر سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 17 مارچ (پی ٹی آئی) قومی بینک برائے زراعت و دیہی ترقیات (نبارڈ) آج تلنگانہ کو زراعت اور متعلقہ شعبوں میں ترقی کیلئے فنڈس کی فراہمی کے ضمن میں آگے آئی ہے۔ نبارڈ کے ایک صحافتی اعلامیہ کے مطابق اس بینک نے زراعت، متعلقہ سرگرمیوں، ماحولیات دوست، کاشتکاری، دیہی پلوں کے علاقہ کے علاوہ سماجی انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے تلنگانہ کو اپنی طرف سے مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ نبارڈ کے چیرمین ہرش کمار بھنوالا نے آج شام یہاں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کے دوران اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیہ کے مطابق نبارڈ کے چیرمین نے مسٹر راؤ سے کہا کہ بینک مختلف ریاستوں میں زراعت سے متعلق سرگرمیوں کیلئے ہمہ اقسام کی مالی مدد فراہم کررہی ہے۔ نبارڈ نے سابق متحدہ ریاست آندھراپردیش کیلئے 2000 پراجکٹ منظور کئے تھے جن کے منجملہ تلنگانہ میں 959 پراجکٹس ہیں۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر نے ہرش کمار کو تالابوں کی بحالی و تعمیرنو سے متعلق ’مشن کاکتیہ‘ کے نظریہ سے تفصیلی طور پر واقف کروایا اور کہا کہ نبارڈ اس پراجکٹ کو فنڈ فراہم کرسکتی ہے جس سے ہرش کمار نے اتفاق کرلیا۔