حیدرآباد ۔ 17 ۔ جولائی : ( پی ٹی آئی ) : ریاست تلنگانہ میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہوئی بارش کے ساتھ زرعی کاموں میں تیزی پیدا ہوئی ہے حالانکہ بارش میں کمی تلنگانہ میں منفی 48 فیصد ہے ۔ مجموعی طور پر تلنگانہ میں یکم جون تا 16 جولائی 2014 ریاست تلنگانہ میں اوسط بارش ہوئی جو 124.1mm ریکارڈ کی گئی جو کہ معمول کی بارش (238.8mm) کے مقابل 48 فیصد کم ہے ۔ ریاست میں جملہ 18,771 لاکھ ہیکڑس رقبہ پر تخم ریزی کی گئی جب کہ عام طور پر 40.38 لاکھ ہیکڑس رقبہ پر بیج بوئے جاتے ہیں ۔ اس سیزن کے نارمل رقبہ کاشت کے 25 فیصد سے کم رقبہ پر دھان ، راگی ، مونگ پھلی ، تل ، سن فلاور اور مرچ جیسی فصلوں کے لیے بیج بوئے گئے ۔ محکمہ زراعت کے عہدیداروں کی جانب سے کسانوں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ ایسے مقامات پر جہاں تخم ریزی میں تاخیر ہوئی ہے ان مقامات پر تور ، جوار جیسے محفوظ فصلوں کو اگایں ۔ دھان ، تور ، نیشکر کی کھڑی فصلوں کا موقف مجموعی طور پر اطمینان بخش ہے ۔۔