تلنگانہ میں ریاستی پلاننگ بورڈ کے قیام کی منظوری

حیدرآباد۔/18ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاستی پلاننگ بورڈ کے قیام کو منظوری دی ہے۔ پرنسپال سکریٹری پلاننگ بی پی آچاریہ نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ ریاست کی ترقی اور منصوبہ بندی سے متعلق مشنری کو مستحکم کرنے کیلئے پلاننگ بورڈ اہم رول ادا کرے گا۔ چیف منسٹر بورڈ کے صدرنشین ہوں گے جبکہ وزیر فینانس و منصوبہ بندی با اعتبار عہدہ نائب صدر نشین ہوں گے۔ نائب صدرنشین کو حکومت نامزد کرے گی۔ چیف سکریٹری اور پرنسپال سکریٹری فینانس پلاننگ بورڈ کے ارکان ہوں گے اس کے علاوہ حکومت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو ارکان کے طور پر نامزد کرے گی۔ پرنسپال سکریٹری پلاننگ بورڈ کے ممبر سکریٹری ہوں گے۔ واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں نرنجن ریڈی کو پلاننگ بورڈ کا نائب صدر نشین نامزد کیا ہے جنہوں نے کل اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے فرائض میں ترقی سے متعلق نشانوں کی تکمیل کیلئے مناسب اداروں کے قیام کی تجویز پیش کرنا شامل ہے۔ بورڈ مختلف ترقیاتی اسکیمات اور محکمہ جات کی سرگرمیوں کا جائزہ لے گا۔ بورڈ کو اس بات کا اختیار حاصل ہوگا کہ وہ ریاست کی ترقی سے متعلق کسی بھی مسئلہ پر حکومت کو تجاویز پیش کرے۔ سالانہ منصوبہ اور پنچ سالہ منصوبہ کی تیاری کے سلسلہ میں پلاننگ بورڈ حکومت کو تجاویز پیش کرے گا۔ پلاننگ بورڈ کا اجلاس وقفہ وقفہ سے منعقد ہوگا۔ تمام محکمہ جات کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ بورڈ کی جانب سے طلب کردہ تمام ضروری معلومات فراہم کریں اور پلاننگ بورڈ سے مکمل تعاون کریں۔ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ نامزد کئے جانے والے ارکان کے سلسلہ میں کئی نام چیف منسٹر کے پاس زیر غور ہیں۔