ڈاکٹر ٹی راجیا کی برطرفی کی وجہ بتانے کے سی آر سے مطالبہ: مندا کرشنا مادیگا
حیدرآباد 8 فروری (سیاست نیوز) بانی و صدر مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی مسٹر مندا کرشنا مادیگا نے چیف منسٹر تلنگانہ سے ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا کو برطرف کئے جانے سے متعلق وجہ بتانے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف منسٹر پر الزام عائد کیاکہ وہ محض دلت طبقات سے انتقامی جذبہ کے طور پر ڈاکٹر راجیا کو برطرف کیا ہے جبکہ علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کے دوران دلت طبقات کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مسٹر مندا کرشنا مادیگا آج تلنگانہ جرنلسٹس یونین کے زیراہتمام پریس کلب سوماجی گوڑہ میں منعقدہ ’’میٹ دی پریس‘‘ کو مخاطب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت مخالف عوام پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کے عوام کو کئی مشکلات درپیش ہیں اور ریاست کے عوام کو درپیش مسائل میں روز افزوں ہونے والے اضافہ کی وجہ سے ریاست کی صورتحال انتہائی ابتر اور دگرگوں ہوتی جارہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس سربراہ نے تحریک تلنگانہ کے دوران اپنے انتخابی منشور میں دلت طبقہ کو ریاست کا چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا جو وفا نہ کرسکے اور جب دلتوں کے ساتھ کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے پر دلت طبقات کی جانب سے احتجاج کے خوف سے اُنھوں نے ڈاکٹر راجیا کو ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دیا تھا وہ بھی چھین لیا گیا۔ اُنھوں نے چیف منسٹر تلنگانہ پر ریاست کے دلتوں کے ساتھ ناانصافی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر سے سوال کیاکہ ڈاکٹر راجیا نے ایسا کونسا گھناؤنا جرم کیا تھا جس کے نتیجہ میں انھیں برطرف کیا گیا جبکہ دیگر کئی وزراء پر اور خود چیف منسٹر پر بھی مختلف بدعنوانیوں میں ملوث رہنے کے الزامات ہیں اس کا کیا کیا جائے گا۔ اُنھوں نے ریاستی کابینہ میں وزارت کے قلمدانوں کی تقسیم سے متعلق کی جانے والی ناانصافیوں پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر اپنی من مانی اور مرضی کے مطابق فیصلے کرتے ہوئے بادشاہی حکمرانی کے طرز پر حکومت چلارہے ہیں جس کے عنقریب سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور حکومت کو عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اُنھوں نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیاکہ وہ ریاست تلنگانہ میں سابقہ نظام دور حکومت کا دور دہراتے ہوئے بادشاہی طرز حکومت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا کی برطرفی اور خواتین کی ریاستی کابینہ میں عدم شمولیت کے خلاف 16 فروری کو ضلع ورنگل کے اسٹیشن گھن پور سے بطور احتجاج ’’مادیگا لادنڈا یاترا‘‘ کا آغاز کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں 4 اپریل کو اندرا پارک سے ریالی منظم کرنے کے علاوہ دیگر احتجاجی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ایم آر پی ایس قائد مسٹر آر ستیم، صدر تلنگانہ جرنلسٹس یونین مسٹر کاسانی سرینواس راؤ، مسٹر بھرت اور دیگر موجود تھے۔