تلنگانہ میں دس ہزار سے زائد ایل پی جی صارفین سبسیڈی سے دستبردار

ایچ پی سی ایل کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس ، صارفین سے ردعمل ظاہر کرنے کی خواہش
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( آئی این این ) : ریاست تلنگانہ کے 10 ہزار 600 سے زائد ایل پی جی صارفین نے رضاکارانہ طور پر اپنی سبسیڈی سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ یہ بات ایچ پی سی ایل کے سینئیر ریجنل مینجر ( ریٹیل ) مسٹر سی ایچ سرینواس اور چیف ریجنل مینجر ایل پی جی مسٹر مدھوکر انگلے نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر تلنگانہ کے تقریبا 10 ہزار سے زائد صارفین نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ اسی طرح ریاست آندھرا پردیش سے 6 ہزار 760 صارفین نے بھی اپنا مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ انہوں نے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد سے تاحال 3 ہزار 194 اور ضلع رنگاریڈی سے 2 ہزار 560 صارفین نے ایل پی جی سبسیڈی سے رضاکارانہ دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ جس میں وزراء کے بشمول سیاسی قائدین بھی شامل ہیں ۔ مسٹر سرینواس نے بتایا کہ 142 کیلوگرام سیلنڈر کی حیدرآباد میں قیمت 697 روپئے مقرر ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک گیر سطح پر 16 کروڑ افراد ایل پی جی سے استفادہ کررہے ہیں جس میں سے 5.80 لاکھ صارفین نے سبسیڈی سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ آندھرا پردیش میں 90 لاکھ اور تلنگانہ میں 70 لاکھ ایل پی جی کے صارفین میں جب کہ تلنگانہ ریاست کو عنقریب مزید 13 لاکھ کا اضافی کوٹہ مختص کیا جائے گا ۔ انہوں نے صارفین سے درخواست کی کہ اگر وہ سبسیڈی سے رضاکارانہ طور پر دستبرداری کے خواہاں ہوں تو وہ بھارت گیاس 773829899 ، ایچ پی گیاس 9766899899 اور انڈین گیاس فون نمبر 8130792899 پر ربط کر کے مطلع کریں ۔۔