تلنگانہ میں خوفناک ٹڈی دَل کی نشاندہی سے اندیشے

افریقی ممالک میں فصلوں کی بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد کرناٹک نشانہ

حیدرآباد ۔ 19 ؍ اگسٹ ( پی ٹی آئی) زرعی فصلوں کو اناً فاناً چٹ کر جانے والے خوفناک کیڑ والے ٹڈی دل کی ملک میں پہلی مرتبہ کرناٹک میں موجودگی کا پتہ چلا جس کے بعدکہ پڑوسی ریاست تلنگانہ میں اس کی موجودگی پر اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔ ٹڈی دل کو انتہائی خوفناک اور تباہ کن متصور کیا جاتا ہے ۔ کیونکہ حالیہ عرصہ کے دوران یہ زرعی کیڑے فصلوں کو تباہ و برباد کرچکی ہیں ۔ تلنگانہ کے پرنسپال سکریٹری (زراعت) سی پارتھا سارتھی نے کہا کہ اضلاع کریم نگر ‘ کاماریڈی ‘ سنگاریڈی‘ میدک اور گدوال کے چند مقامات پر ان زرعی کیڑوں کی موجودگی کا علم ہوا ہے ۔ پارتھا سارتھی نے کہا کہ ’’ان اضلاع کے چند مقامات پر ان کیڑوں کی موجودگی کا علم ہوا ہے ‘‘۔ (معائنوں کیلئے ) اس کے نمونے بنگلور روانہ کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں یہ حشرات تا حال صرف مکئی کی فصلوں میں پائے گئے ہیں ۔ مکئی کی فصلوں پر ان کیڑوں کاحملہ فی الحال ابتدائی مرحلہ میں ہے اور اس بات کا پتہ چلانے کے لئے ٹیموں کو سروے پر روانہ کیا گیاہے کہ آیا یہ حشرات ریاست کے کسی دوسرے مقام پر بھی موجود ہیں ۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ٹڈی دل کے بارے میں معلومات اور ان کے خاتمہ کے لئے استعمال کی جانے والی جراثیم کش ادویات ریاست کے سائنسدانوں اور محکمہ زراعت کو پہنچائی جارہی ہیں ۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ زرعی کیڑے ملک میں سے پہلے کرناٹک میں پائے گئے بعد میںٹاملناڈو تک پھیل گئے تھے۔