تلنگانہ میں حکومت کی اقلیت دشمن پالیسیوں کو آشکار کرنے کا عزم

صدر اقلیتی کانگریس نامزدگی پر محمد خواجہ فخر الدین کا سونیا گاندھی سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین نے انہیں صدر نامزد کرنے پر صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے اور حکومت کی اقلیت دشمن پالیسیوں کو آشکار کرنے محنت و جستجو سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ وہ زمانہ طالب علمی سے کانگریس سے وابستہ ہیں ۔ تلنگانہ اسٹیٹ میں کانگریس کی اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت حاصل ہونے پر پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی و نائب صدر راہول گاندھی اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ صدر انڈین کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خورشید احمد سعید صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ مسٹر ملو بٹی ورکرامارک قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر سابق مرکزی مملکتی وزیر مسٹر سروے ستیہ نارائنا ، کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے بالخصوص اقلیتو کو دوبارہ کانگریس سے قریب کرنے کے لیے انتھک جدوجہد کریں گے مرکز میں بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت قائم ہونے کے بعد ہر شعبہ میں اقلیتوں ، بالخصوص مسلمانوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ مرکزی حکومت اقلیتوں کے مفادات کو فراموش کرتے ہوئے اقلیتوں پر ہونے والے مظالم اور ہراسانیوں کا تماشہ دیکھ رہی ہے ۔ بالراست ہندوتوا طاقتوں کا ساتھ دے رہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کو گمراہ کرنے کے لیے بجٹ میں اضافہ کرنے کے علاوہ مختلف وعدے کررہی ہے ۔ نہ ہی کبھی مکمل بجٹ جاری کیا جارہا ہے اور نہ ہی مسلمانوں سے کئے گئے وعدے ٹی آر ایس حکومت کو یاد ہیں ۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ آج تک اس پر عمل آوری نہیں کی ۔ وقف جائیدادوں سے ناجائز قابضین کو برخاست کرنے اور اوقاف کی قیمتی اراضی وقف بورڈ کے حوالے کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ وقف بورڈ کو قانونی موقف عطا کرنے کے وعدے کو وفا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جولائی کے تیسرے ہفتے میں گاندھی بھون میں اپنے نئے عہدہ کا جائزہ لیں گے ۔۔