تلنگانہ میں جی ایس ٹی پر عمل آوری کا جائزہ

مرکزی ٹیم شہر پہنچ چکی ہے، تجارتی اداروں میںرسید کی اجرائی پر نظر
حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) جی ایس ٹی کے نفاذ کا جائزہ لینے اورملک کے مختلف مقامات بالخصوص تلنگانہ میں جی ایس ٹی پر عمل آوری کے متعلق جائزہ لینے کے لئے مرکزی حکومت کی ٹیم شہر پہنچ چکی ہے اور وہ تجارتی اداروں کے علاوہ ریستوراں‘ ہوٹل اور چلر فروشی کی دکانات کے علاوہ ٹھوک تاجرین کی جانب سے رسید کی اجرائی و جی ایس ٹی پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا ۔مرکزی حکومت کے سنٹرل ٹیکس محکمہ کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے اعلی آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل نوڈل آفیسرز کی ٹیم کو مرکزی محکمہ پرسونل اینڈ ٹریننگ کی جانب سے متعین کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 201عہدیداروں کو روانہ کیا گیا ہے تاکہ وہ ملک کی مختلف ریاستوں و اضلاع میں صورتحال کا جائزہ لیں تاکہ ان کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مابقی فیصلہ کئے جائیں ۔بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے ملک بھر کے تمام اضلاع کو جی ایس ٹی امور کی نگرانی کیلئے سنٹرل ٹیکس کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد 166حصوں میں منقسم کیا ہے اور ان کے لئے مرکزی حکومت کے عہدیداروں کو نوڈل آفیسر کے طور پر نامزد کیا جا رہا ہے تاکہ وہ جی ایس ٹی پر عمل آوری کے علاوہ تجارتی اداروں کی جانب سے رسید کی اجرائی کے متعلق امور کی راست نگرانی کرسکیں کیونکہ اب رسید کی عدم اجرائی کی صور ت میں صرف ریاست کو ہی نہیں بلکہ مرکز کو بھی ٹیکس کی عدم ادائیگی کی صور ت میںنقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔مرکزی محکمہ مال کے مطابق حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے ملک کی معیشت میں استحکام پیدا ہوگا اور عوام کو راحت حاصل ہوگی ۔
عہدیداروں کے مطابق مرکزی ٹیمیں ملک بھر میں 166 مقامات پر سرگرم ہو چکی ہیں اور ان کی یہ سرگرمیاں تجارتی بازارو ںمیں جاری ہیں اور جی ایس ٹی رجسٹریشن کی تعداد اور درخواستوں کے متعلق تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔