نظام آباد ، عادل آباد ، گرم ترین مقامات ، محکمہ موسمیات کی وارننگ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ میں جھلسا دینے والی دھوپ اور شدید گرمی کی لہر مزید دو دن جاری رہے گی ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دن ( چہارشنبہ ) تک جاری پیش قیاسی میں خبردار کیا کہ ریاست کا ایک تہائی حصہ شدید گرمی کی لہر میں رہے گا ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ اتوار اور پیر کو بالخصوص اضلاع عادل آباد ، نرمل ، کمرم بھیم آصف آباد ، منچریال ، نظام آباد ، کاماریڈی ، کریم نگر ، پدا پلی ، جگتیال ، جئے شنکر ، بھوپلاپلی ، کھمم ، بھدرا دری ، کتہ گوڑم ، اور راجنا سرسلہ میں شدید گرمی کی لہر رہے گی ۔ واضح رہے کہ جمعہ کی صبح سے ہی کئی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر شروع ہوچکی تھی اور صبح 8-30 بجے ضلع نظام آباد کا درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہونچ گیا تھا ۔ جہاں آج بھی یہ صورتحال رہی ۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے آج صبح سے 12 مقامات کے موسمی تفصیلات ریکارڈ کئے گئے ۔ جہاں تمام مقامات کا درجہ حرارت 40 ڈگری سنٹی گریڈ یا اس سے زائد تھا ۔ عادل آباد اور راما گنڈم میں 44 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ بعد ازاں میدک ، محبوب نگر اور نلگنڈہ میں 43 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ سب سے کم درجہ حرارت شہر کے قریبی علاقہ ڈنڈیگل میں 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد کا درجہ حرارت 41 ڈگری رہا ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طوفان فنی کے معمولی اثرات آندھرا پردیش پر مرتب ہوسکتے ہیں لیکن اس سے تلنگانہ کے درجہ حرارت میں کوئی کمی نہیں ہوگی ۔ نمی میں کمی کے سبب درجہ حرارت میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔ پی ٹی آئی کے مطابق 2016 میں تلنگانہ میں شدید دھوپ اور گرمی کی لہر سے 300 افراد فوت ہوئے تھے ۔۔