تلنگانہ میں تین دن کے دوران بارش کا امکان

حیدرآباد۔31مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ تین یوم کے دوران شدید بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگا جو تین یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے بموجب ریاست کے مختلف مقامات پر ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جائے گی ۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت میں آرہی کمی اور اس میں آرہی تبدیلیوں کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور بعض مقامات پر درجہ حرارت پر معمول پر آچکا ہے۔ گزشتہ دنوں شہر اور نواحی علاقوں میں آئی تیز رفتار آندھی و بارش کے سبب ہوئی تباہی کو دیکھتے ہوئے بلدی عہدیدار چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے بموجب ریاست کے بعض اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ تعز رفتار ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ہے۔