تلنگانہ میں تیار ہونے والی کئی دوائیں غیرمعیاری، صحت کیلئے مضر

حیدرآباد۔ 6 اگست (سیاست نیوز) ڈاکٹر اکون سبھروال ڈائریکٹر ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ 21 ادویات کو غیرمعیاری قرار دیا گیا ہے۔ عوام ان ادویات کو خریدنے سے گریز کریں۔ تلنگانہ میں تیار ہونے والی ادویات میں سے کئی دوائیں غیرمعیاری پائی گئی ہیں۔ کئی فارماسیوٹیکل کمپنیاں ایسی دوائیں تیار کررہی ہیں جو انسانی صحت کیلئے مضر ہیں۔ ماہ جولائی 2015ء میں تلنگانہ بھر سے تعلق رکھنے والے ڈرگ انسپکٹرس نے دوائیں تیار کرنے والی کمپنیوں کا معائنہ کرتے ہوئے مختلف ادویات کو اکٹھا کیا۔ تقریباً 650 دواؤں کے نمونے حاصل کئے گئے۔ عام طور پر تقریباً 200 نمونے حاصل کئے جاتے ہیں۔ ان ادویات میں سے چند نمونے حاصل کرلئے گئے ۔ اس کے بعد پتہ چلا کہ یہ ادویات غیرمعیاری ہیں۔ ان ادویات کی حیدرآباد کی ڈی سی اے لیباریٹری میں جانچ کروائی گئی۔ ان میں سے 11 نمونے غیرمعیاری پائے گئے۔ جن ادویات کو غیرمعیاری پایا گیا ان کی تفصیلات ڈرگ انسپکٹرس کے پاس موجود ہیں۔ ایسی ادویات کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈرگ انسپکٹرس نے مارکٹس سے ان ادویات کو واپس لینے کے اقدامات شروع کئے ہیں۔ ڈی سی اے لیباریٹری نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ مارکٹ سے خریدی جانے والی مخصوص ادویات کو استعمال کرنے سے گریز کریں۔