تلنگانہ میں تھیٹر کے فروغ کیلئے حکومت سے اقدامات

محمد علی بیگ کو پدم بھوشن کیلئے سفارش کا اعلان، قادر علی بیگ فیسٹیول کا افتتاح، محمد محمودعلی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔29اکٹوبر(سیاست نیوز) اداکار کا فلمی دنیا میں نام پیدا کرنا دشوار نہیں ہے لیکن تھیٹر کے میدان میں اپنی شناخت بناتے ہوئے خود کو عالمی سطح پر منوانا بہت بڑی بات ہے۔ تھیٹر میں راست فنکاری کے جوہر دکھانا اداکاروں کے فن کی مثال ہے اور فلمی دنیا کی چکا چوند کے اس دور میں تھیٹر کی تہذیب کو زندہ رکھنا بھی ایک کارنامہ سے کم نہیں ہے۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے قادر علی بیگ تھیٹر فاؤنڈیشن کے فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تھیٹر کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور محمد علی بیگ جیسے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ریاستی حکومت پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد علی بیگ کو پدم بھوشن ایوارڈ کیلئے مرکزی حکومت سے سفارش کرے گی۔ جناب محمد محمود علی نے اس تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات قادر علی بیگ فاؤنڈیشن کے ساتھ ممکنہ تعاون کرر ہے ہیں تاکہ حیدرآبادی تہذیب کی ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔ ہوٹل پارک حیات میں منعقدہ اس تقریب میں مسٹر سی پارتھا سارتھی صدرنشین کاروی گروپ‘ مسٹر نوین متل آئی اے ایس‘ مسٹر جئیش رنجن‘ محترمہ نیلم مان سنگھ ‘ محترمہ بیگم رضیہ بیگ صدرنشین قادر علی بیگ تھیٹر فاؤنڈیشن کے علاوہ دیگر معززین و شائقین تھیٹر موجود تھے۔ جناب محمد محمود علی نے محترمہ بیگم رضیہ بیگ کی تھیٹر کی بقاء میں دلچسپی اور محمد علی بیگ کو قادر علی بیگ کے نقش قدم پر چلانے کیلئے کی جانے والی تربیت کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں تھیٹر کی پذیرائی کے نئے دور کی شروعات ہوئی ہے اور تلنگانہ حکومت اس تہذیب کو پروان چڑھانے کے لئے ہمیشہ تعاون کرے گی۔ محترمہ نیلم مان سنگھ نے اس افتتاحی تقریب میں کلیدی خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ تھیٹر کی طویل تاریخ ہے اور مؤرخ تھیٹر کی تاریخ قادر علی بیگ کے تذکرہ کے بغیر رقم نہیں کرسکتا۔انہوں نے قادر علی بیگ کے بعد قادر علی بیگ فاؤنڈیشن کی جانب سے تھیٹر کی بقاء کیلئے کی جانے والی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ قادر علی بیگ فاؤنڈیشن ہر سال تھیٹر فیسٹیول کے انعقاد کے ذریعہ ڈرامہ آرٹسٹ اور فنکاروں کی جو پذیرائی کر رہا ہے وہ قادر علی بیگ کیلئے بہترین خراج ہے۔ محترمہ نیلم مان سنگھ نے قادر علی بیگ تھیٹر فاؤنڈیشن فیسٹیول 2017کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤوں کا اظہار کیا۔ جناب محمد علی بیگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ تھیٹر پر ڈرامہ پیش کیا جانا فنکار ی کی مثال ہے اور اس کیلئے کافی محنت درکار ہوتی ہے ۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے تھیٹر کی سرپرستی کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں مزید بہتری اور اضافہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قادر علی بیگ فاؤنڈیشن تھیٹر کے ذریعہ تلنگانہ تہذیب کو دنیا کے دیگر ممالک تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔

 

سلیمان نگر میں پائپ لائین کے کاموں کا آغاز
شمس آباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) راجندر نگر کے علاقہ سلیمان نگر ڈیویژن میں راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے پینے کے پانی کے پائپ لائین کے کاموں کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انھوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے سنجیدہ ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ حکومت نے کئی اسکیمات کے ذریعہ عوام کو فائدہ پہنچایا ہے۔ ڈبل بیڈ روم مکانات، شادی مبارک کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے 75 ہزار روپئے، تعلیم کو بہتر اور گھر گھر پہنچانے کیلئے ریسیڈنشیل اسکولس قائم کئے گئے۔