تلنگانہ میں تلگودیشم کو مستحکم بنانے قائدین کو جدوجہد کا مشورہ

ہر ماہ ریاست کا دورہ کرنے چندرا بابو نائیڈو کا تیقن ۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں توسیعی اجلاس
حیدرآباد۔2 نومبر (سیاست نیوز) تلگو دیشم صدر و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے ریونت ریڈی کے بشمول پارٹی سے مستعفی ہونے والے دوسرے قائدین کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ کارکن ہی پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ سیاست میں مسائل اور پریشانیوں کو عام قرار دیتے ہوئے تلنگانہ میں تلگو دیشم کو مستحکم کرنے وہ ہر ماہ دورہ کریں گے۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تلنگانہ تلگو دیشم کا توسیعی اجلاس طلب کرتے ہوئے نائیڈو نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا ، نائب صدر علی مسقطی کے علاوہ این نرسمہلو، اروند کمار گوڑ کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ تلگو دیشم کے اہم قائدین ضلعی صدور و اسمبلی انچارجس کی کانگریس میں شمولیت کے بعد تلنگانہ تلگو دیشم کیڈر میں حوصلہ اور جوش و خروش پیدا کرنے یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا ۔ نائیڈو نے پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی پر کہا کہ بہت جلد تلنگانہ میں پارٹی کی ازسرنو تشکیل عمل میں آئیگی۔ پارٹی سے وفاداری کرنے والے قائدین سے انصاف کرتے ہوئے نوجوانوں قائدین کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ ان کی صلاحیتوں کو استعمال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 2014 کے انتخابات میں تلگو دیشم کے تلنگانہ میں 15 ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمنٹ منتخب ہوا تھا، جس میں رکن پارلیمنٹ کے ساتھ 12 ارکان اسمبلی حکمران ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ حال میں ریونت ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کے بعد تلگو دیشم کے دو ارکان اسمبلی باقی رہ گئے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ سیاسی اتحاد کے معاملے میں وہ انتخابات سے قبل فیصلہ کریں گے تب تک پارٹی قائدین پارٹی کو مستحکم کرنے حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوامی تحریک چلائیں۔ پارٹی کیڈر کو ساتھ لے کر چلیں قائدین آئیں گے اور جائیں گے مگر ہمیشہ برقرار رہنے والے کارکن ہیں ۔ آنجہانی این ٹی آر نے تلگو عوام کی ترقی و بہبود کیلئے تلگو دیشم پارٹی تشکیل دی تھی۔ پارٹی اقتدار میں رہے یا اپوزیشن میں قائدین ہمیشہ عوام کے درمیان رہیں۔ ریاست کی تقسیم کے موقع پر وہ دونوں ریاستوں کے تلگو عوام سے انصاف کی امید کر رہے تھے۔ تلنگانہ تلگو دیشم کارکنوں میں حوصلہ پیدا کرنے وہ یہاں پہونچیہیں اور ہر ماہ اجلاس طلب کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر وہ بار بار تلنگانہ آئیں گے۔ تلنگانہ میں تعلیمی ترقی کیلئے انہوں نے کئی نامور تعلیمی ادارے قائم کئے، حیدرآباد کی ترقی اور امن و امان کی برقراری کیلئے کوئی سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے حیدرآباد کو کرفیو سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائی۔ چندرا بابو نائیڈو نے ہر انتخاب کیلئے تیار رہنے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا۔