تلنگانہ میں تلگودیشم ساکھ بچانے کوشاں، چندرابابو کی ایماء پر یاترا

صدر تلگودیشم املاک اور مفادات کے تحفظ کے خواہاں، پی مہندر ریڈی تلنگانہ وزیر کا الزام
حیدرآباد 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محض صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی ایماء پر ریاست تلنگانہ میں اپنی بقاء کے لئے تلگودیشم پارٹی قائدین نے حکومت کے خلاف اپنی بس یاترا کا آغاز کیا ہے لیکن یاترا کا عوام پر کوئی اثر مرتب نہیں ہورہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین کی اکثریت (بالخصوص اضلاع نلگنڈہ و رنگاریڈی کے قائدین) ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ اس طرح ان اضلاع میں تلگودیشم پارٹی کا مکمل صفایا ہوتا دیکھ کر چندرابابو نائیڈو نے پارٹی قائدین کو کم از کم تلنگانہ میں اپنی بقاء اور اپنی ساکھ کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے حکومت کے خلاف یاترا شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش پر الزام عائد کیاکہ محض وہ تلنگانہ میں اپنی املاک کا تحفظ کرنے کیلئے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ارکان اسمبلی کو غلط باور کرواکر اپنے سیاسی مفادات کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نہ صرف تلنگانہ تلگودیشم بلکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلنگانہ کانگریس پارٹی پر اب تلنگانہ کے عوام ہرگز بھروسہ یا اعتماد کرنے والے نہیں اور تلنگانہ عوام صرف اور صرف مسٹر چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس پر ہی اپنی فلاح و بہبود کا مکمل ایقان رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے ٹی آر ایس پر کوئی بھی پارٹی قائدین کی جانب سے غلط و بے بنیاد تنقید کرنے کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کا سخت انتباہ دیا۔