کانگریس ہی پائیدار حکومت تشکیل دے گی، مرکزی وزیر جئے رام رمیش کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی وزیر مسٹر جئے رام رمیش نے کہا کہ تلگودیشم کو دینے والا ووٹ بی جے پی کے حق میں جائے گا۔ ٹی آر ایس بے بھروسہ جماعت ہے۔ کبھی بھی این ڈی اے کا حصہ بن سکتی ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی ہی علاقہ تلنگانہ میں امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے پائیدار حکومت تشکیل دے سکتی ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد علاقہ تلنگانہ میں قیام کرنے والے مرکزی وزیر نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی کا اتحاد ملک اور ریاست کے سیکولرازم کیلئے خطرہ ہے۔ تلگودیشم کو دیا جانے والا ووٹ بی جے پی کے حق میں جائے گا۔ تلگودیشم کو ووٹ دینا نریندر مودی کو وزیراعظم بنانے کیلئے تائید کرنے کے مماثل ہوگا۔ علاقہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے۔ سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت ہے۔ کانگریس کی 10 سالہ حکومت اس کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔ تلگودیشم اور بی جے پی نے لمحہ آخر تک علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ اس کے بعد علاقہ تلنگانہ میں دونوں جماعتوں کا موقف انتہائی کمزور ہوگیا ہے۔ سیاسی لالچ میں دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے سے اتحاد کیا ہے مگر تلنگانہ کے عوام اس اتحاد کو قبول نہیں کریں گے۔ دونوں جماعتوں کو شکست سے دوچار ہونا پڑے گا۔ مرکزی وزیر نے ٹی آر ایس کو بے بھروسہ جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں تھرڈ فرنٹ کا کوئی رول نہیں ہے بلکہ اس کے حلیف جماعتوں نے تلنگانہ بل کی تائید نہیں کی۔ سربراہ ٹی آر ایس عوام کو دھوکہ دینے کیلئے تھرڈ فرنٹ کی تائید کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔ تاہم مابعد انتخابات وہ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے کی ہی تائید کریں گے۔ ہر علاقائی جماعت اپنے اصولوں سے سمجھوتہ کرتی ہے۔ کانگریس واحد جماعت ہے جو فرقہ پرستوں سے کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ کانگریس پارٹی نے ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے اور کانگریس پارٹی ہی علحدہ تلنگانہ ریاست کو ترقی دے سکتی ہے۔ لہٰذا عوام کانگریس کی بھرپور تائید کریں۔