ٹاٹا گروپ وفد کی چیف منسٹر سے سکریٹریٹ میں ملاقات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( ایجنسیز ) : ٹاٹا گروپ نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ تلنگانہ میں تعلیم اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں حکومت تلنگانہ کو تمام تر تعاون فراہم کرے گا ۔ صدر نشین ٹاٹا گروپ سائرس مستری کی زیر قیادت ٹاٹا گروپ کے وفد نے چیف منسٹر کے سی آر سے سکریٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے ان امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ٹاٹا گروپ کو مدعو کرتے ہوئے ریاست میں خصوصا تعلیم ، آئی ٹی اور انفراسٹرکچر کے میدانوں میں ترقی و تعاون کی خواہش کی ۔ صدر نشین ٹاٹا گروپ مستری نے ریاستی حکومت کی جانب سے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے منصوبوں کی ستائش کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو اپنے گروپ کی جانب سے ممکنہ تعاون و مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ صدر نشین ٹاٹا گروپ نے بتایا کہ ان کی کمپنی کے نمائندے ہر دیہات میں اسکولوں کا دورہ کرتے ہوئے اس بات کا مشورہ دیں گے کہ کس طرح تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سلم علاقوں میں طرز زندگی کی تبدیلی اور بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی اور بہتر پالیسیوں اور حکمت عملی کے تئیں ٹاٹا گروپ اپنے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو تعاون فراہم کرے گا ۔۔