حیدرآباد۔8۔اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دفتر میں تعلیمی امور کی یکسوئی کیلئے علحدہ آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگرچہ چیف منسٹر کے دفتر کے ایک عہدیدار کو محکمہ تعلیم کے امور کی ذمہ داری دی گئی ہے تاہم حکومت کی نئی اسکیم کے جی تا پی جی مفت تعلیم اور مستحق غریب طلباء کو تعلیمی امداد سے متعلق فاسٹ اسکیم پر عمل آوری کیلئے علحدہ عہدیدار کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر کے دفتر میں نیا عہدہ قائم کرتے ہوئے آج احکامات جاری کئے گئے۔ سکریٹری حکومت این شیو شنکر نے جی او ایم ایس 36 جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (ایجوکیشن) کا عہدہ عارضی رہے گا جو 28 اگست سے نافذ العمل ہوچکا ہے۔ اس عہدہ پر ڈیپیوٹیشن کی بنیاد پر کسی عہدیدار کا تقرر کیا جائے گا ۔ یہ عہدہ چیف منسٹر کی میعاد سے مربوط رہے گا۔