تلنگانہ میں تعلیمی، معاشی و سماجی و فلاح و بہبود میں تعاون کا پیشکش

امریکہ مقیم تلنگانہ این آر آئیز کا عزم، امریکہ میں تلنگانہ چیمبر آف کامرس کا قیام
ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کی شرکت و مخاطبت
حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (پریس نوٹ) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کے دورہ شکاگو کے موقع پر امریکہ میں مقیم تلنگانہ این آئی آر نے تلنگانہ کی تعلیمی، معاشی اور سماجی فلاح و بہبود میں شانہ بہ شانہ اپنی خدمات فراہم کرنے کیلئے تلنگانہ ؍ امریکہ چیمبر آف کامرس کے قیام کا اعلان کیا جو ایک غیرمنافع بخش تنظیم ہے۔ اس کا اہم مقصد تلنگانہ اور امریکہ کے درمیان معاشی، تجارتی، تعلیمی، تہذیبی اور سماجی امور کے تئیں بہتر تال میل کو فروغ دینا ہے۔ اس جلسہ کا اہتمام شکاگو میں مقیم بزنسمین اور فنڈریزر نے کیا ہے۔ جناب سید خلیل باشاہ امام و قاضی شکاگو نے جلسہ کا آغاز جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کی عبایہ پوشی سے کیا۔ اس موقع پر جناب محمود علی نے تلنگانہ حکومت خاص طور پر چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر وہ اسکیم جو تلنگانہ عوام کیلئے سودمند ہیں، عمل آوری پر خاص توجہ دیتے ہیں۔ حاضرین کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت طلبہ کو عصری اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے تاکہ اس کے ذریعہ مسلمانوں ایس سی، ایس ٹی اور دیگر طبقات اور اقلیتوں کو مفت معیاری اور عصری تعلیم فراہم کی جاسکے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اسکالر شپ اور فارن اسکالر شپ چنانچہ جناب زاہد علی خان کی سفارش پر ایک مسلمان لڑکی کو پائلٹ ٹریننگ کیلئے 35 لاکھ فراہم کئے گئے اور حکومت کے قائم کردہ انگلش مدارس میں ایک لاکھ 50 ہزار طلبہ کو تعلیم کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ شادی اسکیم کے تحت غریب لڑکیوں کو شادی فنڈ سے رقم فراہم کی جارہی ہے۔ تعلیم کے علاوہ تلنگانہ سرکار کھیل کود کے فروغ کیلئے بھی کوشاں ہے۔ چنانچہ حکومت نے ثانیہ مرزا، سندھو، سائنا اور دیپا کو رقمی انعامات کے ذریعہ ہمت افزائی کی گئی۔ مسلمانوں کے فلاحی اور تعلیمی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے جناب زاہد علی خاں اور ان کے روزنامہ سیاست فنڈ کی ستائش کی اور ان کی اس بے لوث خدمات کو سراہا جو سارے ہندوستان کے مصیبت زدگان کیلئے کی جارہی ہیں۔