نئے اقدامات ٹھپ ، سرکاری ملازمین کے مسائل جوں کا توں ، ماہ جولائی تک کوئی کام ہونے کا امکان نہیں
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں نئی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی ایک کے بعد دیگرے انتخابات کا سلسلہ ماہ جولائی تک جاری رہنے کا قوی امکان ہے ۔ ریاست میں حکومت کی تشکیل کے لیے سب سے پہلے ریاستی قانون ساز اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے جس کے بعد گرام پنچایتوں کے لیے انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی تلنگانہ میں قانون ساز کونسل کے لیے ارکان اسمبلی ، ٹیچرس اور گریجویٹ زمرہ کے تحت انتخابی عمل کا آغاز ہوا ۔ اس طرح نئی حکومت کی تشکیل کے بعد سے مسلسل انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ کے پیش نظر حکومت کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی آڑ میں کوئی بھی نئے اقدامات کرنے کی ضرورت پیش نہیں آرہی ہے ۔ جس سے کئی ایک مسائل بالخصوص سرکاری ملازمین کے لیے پے رویژن کمیشن و گرانی الاونس عبوری راحت کی فراہمی ، سرکاری ملازمین کے لیے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی عمر کو 58 سال سے بڑھا کر 61 سال کرنے کے علاوہ متعدد کئی ایک اہم مسائل زیر التواء پائے جارہے ہیں ۔ اس طرح انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کے دوران حکومت کوئی بھی نئے پالیسی فیصلوں پر عمل آوری نہیں کرپائے گی ۔ اسی دوران گذشتہ دن لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل اوری کا سلسلہ انتخابی نتائج تک جاری رہے گا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ماہ دسمبر میں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے کے بعد سے آئندہ جولائی تک 8 ماہ میں 8 مختلف انتخابات ریاست میں منعقد کئے جائیں گے ۔ جب کہ فی الوقت لوک سبھا انتخابات کے مرحلہ کا آغاز ہورہا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کا سلسلہ ماہ مئی تک جاری رہے گا ۔ ان انتخابات کے مرحلہ کا جیسے ہی اختتام عمل میں آئے گا ۔ فوری بعد پنچایتوں کو بلدیات میں تبدیل کئے ہوئے بلدیات کے لیے انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوگا اور ساتھ ہی ساتھ ریاست میں بلدیات کی میعاد مکمل ہونے پر بلدی کونسلوں کے انتخابات کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز ہوچکا ہے ۔ بلدی انتخابات کے مکمل ہونے کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں منڈل پریشد و ضلع پریشدوں کے انتخابات کے مرحلہ کا آغاز ہوگا ۔ منڈل و ضلع پریشد انتخابات کو ماہ مئی میں ہی منعقد کرنے کی تجویز ریاستی الیکشن کمیشن نے حکومت تلنگانہ کو گذشتہ دنوں ہی پیش کیا ہے ۔ لیکن اب ماہ مئی تک لوک سبھا انتخابات کا عمل جاری رہنے کے پیش نظر بلدی و منڈل و ضلع پریشد انتخابات کو ماہ جون و جولائی میں منعقد کئے جانے کا امکان پایا جاتا ہے ۔ علاوہ ازیں ان انتخابات کا اختتام عمل میں آنے کے فوری بعد سمجھا جاتا ہے کہ امداد باہمی ( کوآپریٹیو ) انتخابات منعقد کئے جاسکتے ہیں ۔۔