تلنگانہ میں تحفظات کیلئے کمیشن آف انکوائری ، اقلیتوں کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف

اندرا پارک پر تنظیم انصاف کا احتجاجی دھرنا ، جناب سید عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔9مارچ(سیاست نیوز) نو ماہ کے طویل عرصہ بعد مسلمانوں کوبارہ فیصد تحفظات فراہم کرنے کے وعدہ کی تکمیل کے نام پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے تشکیل دیا گیا کمیشن ریاست کے مسلم اقلیتی طبقات کے ساتھ کھلواڑ کے مترداف ہے۔ آج یہاں اندرا پارک دھرنا چوک پر تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کے زیراہتمام تلنگانہ میںمسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات کے مطالبہ پر منعقد ہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ ان خیا لا ت کا اظہار کررہے تھے ۔ احتجاجی دھرنے کی صدرات سید کلیم الدین عسکر صدر انصاف گریٹر حیدرآباد نے کی ان کے علاوہ تنظیم انصاف تلنگانہ جنرل سکریٹری منیرپٹیل‘ صدردکن وقف پروٹکشن سوسائٹی عثمان بن محمد الہاجری‘ اعجاز شاہین اور دیگر نے بھی اس احتجاجی دھرنے سے خطاب کیا۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے اپنے سلسلے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ریاست تلنگانہ کی حکمران جماعت نے اپنے انتخابی منشور کو سہارا بنایا اور تلنگانہ کے مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہاکہ نو ماہ کا طویل عرصہ گذ ر جانے کے بعد بھی حکومت تلنگانہ مسلمانوں سے کئے ہوئے اپنے وعدوں کی تکمیل میںناکام ہے۔انہوں نے کہاکہ جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن اور جسٹس راجندر سنگھ سچر کمیٹی کی رپورٹ حکومت تلنگانہ کے پاس موجود ہے جس میں مسلمانو ںکے موجود ہ حالات کو واضح طور پر بیان کیاگیا ہے باوجود اسکے کمیشن کے قیام کا بہانہ بناتے ہوئے حکومت تلنگانہ مسلمانوں کو ان کے جمہوری حقوق سے محروم رکھنے کاکام کررہی ہے۔جناب سیدعزیزپاشاہ نے پڑوسی ریاست مہارشٹرا میںمسلمانوں کو فراہم کئے جانے والے پانچ فیصد تحفظات کو ردکرنے کے اقدام کو بدبختانہ قراردیااور کہاکہ بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں مسلمانوں کو فراہم کیے جانے والے تحفظات رد کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔جناب سیدعزیز پاشا ہ نے کہاکہ چار فیصد تحفظات کی فراہمی کے بعد ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کے حالات میںبڑے پیمانے پر تبدیلی پیش آئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت تلنگانہ بھی اپنے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے مسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظا ت کی فراہمی میںسنجیدگی کے ساتھ کام کرتی ہے تو ریاست میںمسلمانو ںکے ماضی کے موقف کی بحالی یقینی ہوجائے گی۔ انہوں نے مسلمانو ں کو بارہ فیصد تحفظات کی فراہمی تک تنظیم انصاف کی جانب سے اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔انہوں نے بارہ فیصد تحفظات کے اعلان میںتاخیر کے خلاف زنجیری بھوک ہڑتال اور حکومت کے ذمہ داران کے گھیرائو کا بھی انتباہ دیا۔جنرل سکریٹری انصاف تلنگانہ منیر پٹیل نے بھی تلنگانہ میںمسلمانو ںکو بارہ فیصد تحفظات کی فراہمی تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل میںسنجیدگی کا مظاہرہ کرے ورنہ مستقبل میںکانگریس پارٹی سے برا حال ٹی آر ایس کا ہوگا۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کوبارہ فیصد تحفظات اور اوقافی جائیدادوں کی صیانت میںحکومت تلنگانہ کی سنجیدگی پر شکوک وشبہات کا اظہار کیا۔ انہوں نے متحدہ طور پر تنظیم انصاف کی تحریک کا ساتھ دینے کی عوام سے اپیل کی اور کہاکہ سینئر کمیونسٹ قائد جناب سیدعزیزپاشاہ کی قیادت میںتنظیم انصاف نہ صر ف تلنگانہ میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی کے لئے جدوجہد کررہی ہے بلکہ قومی سطح پر اقلیتوں کے خلاف فرقہ پرستوں کی ناپاک سازشوں کے خلاف بھی محاذ آرائی میںسرگرم رول ادا کررہی ہے۔