تلنگانہ میں تالابوں کے سروے کی آج تکمیل

حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے تمام تالابوں سے متعلق کئے جانے والے سروے کے کام کل یعنی 21 ستمبر تک مکمل کرلیے جائیں گے ۔ اسی دوران چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ تالابوں کے موضوع پر ایک جائزہ اجلاس طلب کرنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ آج یعنی 20 ستمبر تک ریاست تلنگانہ میں عہدیداروں کی جانب سے جملہ 9469 تالابوں وغیرہ کا سروے کام مکمل کیا ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق مزید بتایا جاتا ہے کہ تالابوں کی تزئین نو کے موضوع پر حکومت 22 ستمبر کو ایک اہم ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاست تلنگانہ میں آبپاشی سہولتوں کی فراہمی اور تالابوں کے استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ آبپاشی و شجرکاری کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے تہیہ کررکھا ہے ۔ اور اپنے اس پروگرام کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بنیادی سطح پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور موثر و مثبت اقدامات کرنے کے لیے کوشاں دکھائی دے رہے ہیں ۔۔