اسمبلی انتخابات میں مایوس کن مظاہرہ کے بعد لوک سبھا انتخابات کے نتائج حیران کن
حیدرآباد۔23مئی (سیاست نیوز) عام انتخابات تلنگانہ میں وبھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست میں نہ صرف غیر معمولی مظاہرہ کیا ہے بلکہ تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ووٹ شئیر میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے گذشتہ اسمبلی انتخابات ڈسمبر 2018 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ووٹ شئیر 7.1 تھا اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کی نشست پر ہی کامیابی حاصل کی تھی اور مابقی نشستوں پر شکست کا سامنا کرناپڑا تھا لیکن اندرون 6ماہ منعقد ہونے والے لوک سبھا عام انتخابات میں تلنگانہ کی 17نشستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 4نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ووٹ شئیر کا جائزہ لیا جائے تو بھارتیہ جنتا پارٹی نے عام انتخابات 2019میں 19.5 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔ 6ماہ قبل اسمبلی انتخابات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی نے جملہ 14لاکھ 50ہزار456 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ عام انتخابات کے لئے ہونے والی رائے دہی کے میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 19.5 فیصد مستعملہ ووٹ حاصل کئے ہیں اور اس فیصد کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی کو 4ارکان پارلیمان حاصل ہوئے ہیں۔تلنگانہ میں موجودان 17حلقہ جات پارلیمان میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ووٹ شئیر میں اضافہ کے ساتھ ہی تشویش پیدا کرنے کے علاوہ ماحول کو خوفزدہ کرنے کی کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور یہ تاثر دیا جانے لگا ہے کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے قدم جما لئے ہیں اور اس کامیابی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی بنیادی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کے اقدامات کا آغاز کر سکتی ہے۔