تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے دوسرے یوگی ادتیہ ناتھ کی تلاش

سوامی پری پورنا نندا نیا ہندو چہرہ ، انتخابی مہم کی ذمہ داری اور سکندرآباد سے مقابلہ کی تیاری
حیدرآباد ۔10۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں سوامی پری پورنا ننداکی شکل میں دوسرے یوگی ادتیہ ناتھ کو تیار کر رہی ہے۔ قومی صدر امیت شاہ نے گزشتہ دنوں سوامی کو ملاقات کیلئے خاص طور پر نئی دہلی مدعو کیا اور اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم کیلئے ان کی خدمات پیش کرنے کی خواہش کی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سوامی پری پورنانندا جو حالیہ عرصہ میں تلنگانہ حکومت کی پابندیوں کے سبب تنازعہ میں گھر گئے تھے، بی جے پی انہیں انتخابات میں ہندوؤں کے چہرہ کے طور پر پیش کرنا چاہتی ہے۔ ابتداء میں تلنگانہ کی مہم میں چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن وہ اپنی مصروفیات کے سبب تلنگانہ میں زائد وقت دینے سے قاصر ہے۔ امیت شاہ اور یوگی ادتیہ ناتھ اگرچہ انتخابی مہم میں حصہ ضرور لیں گے لیکن مقامی طور پر متنازعہ سوامی پری پورنا نندا کو ہندو ووٹ متحد کرنے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بی جے پی جنوبی ریاستوں میں تلنگانہ پر بطور خاص توجہ مبذول کرچکی ہے۔ امیت شاہ 2018 نہ سہی 2023 ء کے انتخابات میں تلنگانہ میں بی جے پی حکومت کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ سوامی پری پورنا نندا کو متنازعہ تقریروں کے سبب تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد میں داخلہ پر پابندی عائد کردی تھی۔ تاہم عدالت نے اس پابندی کو برخواست کردیا۔ حکومت نے سوامی پری پورنا نندا کو حیدرآباد سے جبراً کاکیناڈا منتقل کردیا تھا لیکن عدالت کے احکامات کے بعد وہ دوبارہ حیدرآباد واپس ہوگئے۔ پیر کے دن نئی دہلی میں سوامی نے بی جے پی صدر امیت شاہ سے تفصیلی ملاقات کی ، ان کے ہمراہ سابق رکن اسمبلی این وی ایس ایس پربھاکر موجود تھے ۔ سوامی نے بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو اور چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ سے بھی ملاقات کی اور مستقبل کے سیاسی منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ پارٹی حلقوں میں اطلاعات گشت کر رہی ہیں کہ پری پورنا نندا کو بی جے پی تلنگانہ میں چیف منسٹر کے امیدوار کے طور پر پیش کرے گی اور انہیں لوک سبھا انتخابات میں سکندرآباد حلقہ سے میدان میں اتارا جائے گا۔ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد سوامی نے دعویٰ کیا کہ انہیں پارٹی صدر نے مدعو کیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر بات چیت رہی اور فیصلے امیت شاہ کریں گے ۔ وہ جو بھی چاہتے ہیں ، میں تعمیل کروں گا۔ سوامی نے کہا کہ ان کے کوئی شخصی مفادات نہیں ہیں اور منصوبہ کا اعلان امیت شاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوراتری کے بعد ہی اس کا اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ نوراتری تقاریب سری پیٹھم کاکیناڈا میں منانے کے بعد پری پورنا نندا انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی ایسا چہرہ موجود نہیں ہے جو ہندوؤں کو متحد کرسکے۔یوگی ادتیہ ناتھ کے بعد تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کی امیدیں سوامی پری پورنا نندا سے وابستہ ہوچکی ہیں تاکہ انہیں ہندو چہرہ کے طور پر رائے دہندوں کے روبرو پیش کیا جاسکے۔ انہیں یقین ہے کہ سوامی تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے دوسرے ادتیہ ناتھ ثابت ہوں گے۔