تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار ملنے کا یقین

لوک سبھا نشستوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا : ڈی اروند کا بیان
حیدرآباد 30 مئی ( پی ٹی آئی ) نظام آباد لوک سبھا حلقہ میںچیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی دختر کویتا کو شکست دینے والے بی جے پی امیدوار ڈی اروند نے آج کہا کہ بی جے پی کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں ریاست میں برسر اقتدار آنے کا یقین ہے ۔ ڈی اروند نے پہلی مرتبہ انتخابی سیاست میں حصہ لیا ہے ۔ وہ سابق رانجی ٹرافی کرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ انہو ںنے ٹی آر ایس کی موجودہ رکن پارلیمنٹ کے کویتا کو یہاں 71,057 ووٹوں سے شکست دیتے ہوئے ان کی پارٹی کو حیرت کا شکار کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جس طرح ٹی آر ایس کو نظام آباد میں شکست دی گئی ہے اسی طرح آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس سے بی جے پی اقتدار بھی حاصل کرلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 2024 تک بی جے پی کی لوک سبھا نشستوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا اور 2023 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھی پارٹی کو کامیابی ملے گی ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اسمبلی کی صرف ایک نشست پر کامیابی ملی تھی جبکہ لوک سبھا انتخابات میں اس نے چار نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ ڈی اروند ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس کے فرزند ہیں ۔ ڈی سرینواس پر ٹی آر ایس میں پہلے ہی سے مخالف پارٹی سرگرمیوں کے الزام عائد ہوتے رہے ہیں۔ نظام آباد حلقہ میں جملہ 185 امیدوار میدان میں تھے جن میں 177 کسان تھے ۔