موجودہ 10 اضلاع میں از سر نو حد بندیاں کی جائیں گی ، حیدرآباد سنٹرل ، حیدرآباد ایسٹ ، چارمینار کو ضلع کا درجہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ بہت جلد چارمینار اور گولکنڈہ علاقہ کو ضلع کا درجہ دے گی ۔ ریاست میں موجودہ 10 اضلاع میں سے مزید 14 اضلاع تشکیل دینے کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اگرچیکہ مرکزی حکومت نے سال 2026 تک ریاست میں اسمبلی حلقوں کی تازہ حد بندی کے امکان کو مسترد کردیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے تلنگانہ میں 24 اضلاع تشکیل دینے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ سرکاری حلقوں میں خاص کر محکمہ مال میں تلنگانہ میں اضلاع کی تشکیل کے عمل کے بارے میں اظہار خیال سے گریز کیا جارہا ہے ۔ تاہم باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اضلاع کی از سر نو حد بندیوں کا عمل بہت جلد شروع کیا جائے گا ۔ ایک نیا ضلع بھی تشکیل دیا جائے گا جس کا نام پروفیسر جئے شنکر سے موسوم ہوگا ۔ وہ اس کے ساتھ 13 دیگر نئے اضلاع کی تشکیل کے لیے تیاریاں کریں گے ۔ ریاست میں جملہ اضلاع 24 ہوں گے تاکہ نظم و نسق کو سہولت بخش بنایا جاسکے ۔ بظاہر حکومت اس مرحلہ میں تفصیلات بتانا نہیں چاہتی کیوں کہ اسے عوامی شدید ردعمل کا اندیشہ ہے ۔ مجوزہ اضلاع کی از سر نو حد بندی کے عمل سے بعض اضلاع میں احتجاج بھڑک اٹھے گا ۔ مختلف پارٹیوں کے قائدین احتجاج شروع کریں گے اس کے بعد حکومت کی تجویز کی مخالفت کی جائے گی ۔ حکومت نے اول تو اسمبلی حلقوں کی از سر نو حد بندی پر توجہ دی تھی اور موجودہ 119 اسمبلی حلقوں سے بڑھا کر انہیں 153 کرنے کا منصوبہ تھا اس کے بعد اضلاع کی از سر نو حدبندی کی جانے والی تھی لیکن مرکز نے اسمبلی حلقوں کی حد بندی کی اجازت نہیں دی ہے جس کے بعد ریاستی حکومت کے منصوبوں پر پانی پھر گیا ۔۔
نئے اضلاع کے نام
سدی پیٹ ونپرتی
ناگر کرنول سوریا پیٹ
بھدرا چلم منچریال
جنگاوں جگتیال
حیدرآباد سنٹرل چارمینار
گولکنڈہ حیدرآباد ایسٹ
سکندرآباد سنگاریڈی