حیدرآبادو اضلاع میں تاجرین مویشیاں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی
حیدرآباد۔/7ستمبر، ( سیاست نیوز) عیدالاضحی سے عین قبل ریاست میں بڑے جانوروں کی منتقلی کے دوران ہراساں اور جان لیوا حملوں پر جمعیت القریش نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ریاست تلنگانہ اور بالخصوص شہر حیدرآباد کو جانوروں کی منتقلی کے دوران آئے دن پیش آرہے واقعات کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر جمعیت القریش حیدرآباد اور نائب صدر کل ہند جمعیت القریش و رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم نے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ سے نمائندگی کی اور حملوں و ہراسانی کے واقعات پر اپنی سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے ایسے واقعات کے تدارک کے لئے اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے ڈی جی پی تلنگانہ انوراگ شرما سے تفصیلی بات کی اور انہیں حالات اور پیشہ کی مشکلات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ غریب تاجروں کو ہراسانی کا شکار بنایا جارہا ہے جو مکمل قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھینس اور بیل کا کاروبار کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی چوکسی کے باوجود اضلاع بالخصوص حیدرآباد کے اطراف بڑے جانوروں کے تاجرین کونشانہ بنایا جارہا ہے جو امن کو بگاڑنے اور حکومت کوبدنام کرنے کی سازش کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی، گھٹکیسر، بی بی نگر، نارسنگی کے علاوہ دیگر مقامات پر اشرار کی جانب سے ہراسانی جاری ہے۔ ایم ایل سی محمد سلیم کی نمائندگی اور ان سے تفصیلی گفتگو کے بعد ڈی جی پی نے تلنگانہ ریاست کے تمام اضلاع کے ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ بڑے جانوروں کی منتقلی پر نظر رکھیں اور ہراسانی و شدت کے واقعات کا سخت نوٹ لیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ ڈی جی پی، ایڈیشنل ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر کے ہمراہ حالات پر تبادلہ خیال کیا اور فوری احکامات جاری کردیئے۔ محمد سلیم نے کل را ت دیر گئے میر پیٹ کے علاقہ میں پیش آئے واقعہ کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی پی تلنگانہ نے ان کی نمائندگی پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں تیقن دیا کہ پولیس کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعات کا سخت نوٹ لے گی اور ایسی حرکتوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔