تلنگانہ میں برقی کی قلت سے نمٹنے کیلئے روڈ میاپ کی تیاری

تلنگانہ میں ہر روز 133 سے 135 ملین یونٹ برقی کی طلب ، 125 ملین یونٹ برقی کی سپلائی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت عوام کو برقی کٹوتی سے نجات دلانے کے لیے منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ جینکو کے عہدیداروں کو ریاست میں عوام کو بلا وقفہ برقی کی فراہمی کے روڈ میاپ کی تیاری کی ہدایت دی ہے ۔ وزیر اعلی نے تھرمل پاور پلانٹ میں برقی کی پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنانے کے لیے بیرونی ممالک سے کوئلہ خریدنے کی ہدایت دی ہے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ میں برقی کی قلت پر قابو پانے کے لیے پڑوسی ریاستوں سے برقی خریدنے کا حکم دیا ہے ۔ آئندہ ماہ سے تلنگانہ میں برقی کی طلب میں اضافہ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ برقی کی طلب میں اضافہ کے دوران برقی کی قلت کو دور کرنے کے لیے تلنگانہ جینکو کے عہدیدار منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ وزیر اعلی نے تلنگانہ میں خاطر خواہ بارش ہونے کے ساتھ ہائیڈرو پاور پراجکٹ میں برقی کی پیداوار میں اضافہ کو بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تلنگانہ جینکو ریاست میں برقی بحران پر قابو پانے کے مقصد سے کوئلہ کی قلت کو دور کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ جینکو کے حکام ہائیڈرو پاور پراجکٹوں کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لیے بھی منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ تلنگانہ جینکو کے چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ کا کہنا ہے کہ تلنگانہ جینکو کی جانب سے برقی بحران پر قابو پانے کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پربھاکر راؤ نے کہا کہ ریاست کے کئی تھرمل پاور پلانٹوں کو بیرونی ممالک سے کوئلہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں ہر روز 133 سے 135 ملین یونٹ بجلی درکار ہوتی ہے ۔ تاہم اس وقت ریاست میں صرف 125 ملین یونٹ بجلی سپلائی کی جارہی ہے ۔ اس طرح ہر روز تلنگانہ ریاست کو 8 تا 9 ملین یونٹ برقی کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ تاہم جولائی کے آخر سے تلنگانہ میں برقی کی طلب میں اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے برقی کی طلب میں امکانی اضافے کے پیش نظر پڑوسی ریاستوں سے برقی خریداری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت بھوپالا پلی تھرمل پاور پلانٹ میں 600 میگاواٹ برقی تیار کی جارہی ہے ۔ جب کہ جورالا پراجکٹ سے 240 میگاواٹ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ تاہم 2015 تک بھوپالا پلی تھرمل پاور پلانٹ کو ہائیڈرو پاور پراجکٹ میں تبدیل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راو نے اس پراجکٹ کو تھرمل پاور پلانٹ سے ہائیڈرو پاور پلانٹ میں تبدیل کرنے کی ہدایت دی ہے اور 2015 تک ان دونوں پلانٹس کو ہائیڈرو پاور پلانٹس میں تبدیل کردیا جائے گا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ تین ماہ کے دوران تلنگانہ میں برقی کی قلت پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ جینکو کے عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ سال کے مقابلے اس سال سے برقی کی پیداوار میں بہتری آئی ہے ۔ پانی کی قلت کی وجہ سے تھرمل پاور پلانٹ میں 82 فیصد برقی تیار کی جارہی ہے ۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ تین سے چار ماہ کے بعد ہی عوام کو برقی کٹوتی سے راحت مل سکتی ہے ۔۔