تلنگانہ میں برقی بچت کیلئے ایل ای ڈی بلبس کی تقسیم کا فیصلہ

حیدرآباد 23 فروری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں برقی بچت کے ایک حصہ کے طور پر ایل ای ڈی بلبس کی تقسیم کرنے کو ایک پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر انجام دینے کا تلنگانہ نان کنونشنل انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن بورڈ نے فیصلہ کیا ہے۔ آج اس سلسلہ میں مذکورہ بورڈ کے اجلاس میں برقی بچت اُمور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور ایل ای ڈی بلبس کی تقسیم سے متعلق پائیلٹ پراجکٹ کے تحت ہی اضلاع میدک، نظام آباد میں تجرباتی اساس پر سب سے پہلے عمل آوری کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ہر گھر کو کم سے کم دو ایل ای ڈی بلبس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی اور سمجھا جاتا ہے کہ مرحلہ وار اساس پر ریاست بھر میں ایل ای ڈی بلبس کی تقسیم کو یقینی بنانے کا بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلہ میں عاجلانہ اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی گئیں۔