تلنگانہ میں برقی بحران کے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار
صدر تلگو دیشم پارٹی پر مخالف تلنگانہ اقدامات کا الزام ، ڈاکٹر راجیا ڈپٹی سی ایم تلنگانہ کا ردعمل
حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹرڈاکٹر راجیا نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں موجودہ برقی بحران کیلئے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر راجیا نے چندرا بابو نائیڈو پر مخالف تلنگانہ پالیسی اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل2014 میں تلنگانہ کیلئے جو حقوق مقرر کئے گئے آندھرا پردیش حکومت اس کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برقی پراجکٹس میں تلنگانہ کی حصہ داری سے محروم کرتے ہوئے برقی بحران پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ سلیرو برقی پراجکٹ میں تلنگانہ کی حصہ داری 470میگا واٹ کی ہے لیکن آندھرا پردیش حکومت حصہ داری میں ناانصافی کررہی ہے۔ کرشنا پٹنم پراجکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ پراجکٹ کے آغاز میں آندھرا پردیش حکومت رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ برقی کی خریدی سے متعلق معاہدوں کی منسوخی کے ذریعہ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کیلئے مسائل کیوں پیدا کی۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ کے ساتھ چندرا بابو نائیڈو کی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔ تلنگانہ تلگودیشم قائدین کی بس یاترا کا حوالہ دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلگودیشم قائدین کو چاہیئے کہ وہ بس یاترا کے بجائے چندرا بابو نائیڈو سے رجوع ہوکر تلنگانہ سے انصاف کیلئے جدوجہدکریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آنے والے دنوں میں کسانوں کے مفادات کا بہر صورت تحفظ کرے گی۔ کسانوں کی فصلوں کو تباہی سے بچانے کیلئے مناسب برقی سربراہی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبہ کو کٹوتی میں اضافہ کے ذریعہ زرعی شعبہ کی سربراہی میں اضافہ کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ زرعی شعبہ کیلئے برقی کی سربراہی 5گھنٹے سے کسی بھی صورت میں کم نہیں ہوگی اور حکومت 7گھنٹے سربراہی کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے کسان اچھی طرح واقف ہیں لہذا اپوزیشن جماعتوں کی مہم کا کوئی اثر نہیںہوگا۔ ڈاکٹر راجیا نے چندرا بابو نائیڈو کے اس استدلال کو مسترد کردیاکہ وہ تلنگانہ میں برقی بحران کے لئے ذمہ دار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ میں پارٹی کا موقف مستحکم کرنے کیلئے تلنگانہ کی ہمدردی میں مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دسہرہ سے حکومت کی کئی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ بے زمین دلت خاندانوں کو اراضی کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔