کانگریس رکن اسمبلی وینکٹ ریڈی کی چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات
حیدرآباد ۔ /14 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی سابق وزیر مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرنے کے بعد وہ پہلے حامی تلنگانہ اور بعد میں کانگریسی ہے ۔ تلنگانہ میں برقی بحران کیلئے تلگودیشم اور کانگریس دونوں برابر کے ذمہ دار ہے ۔ تلگودیشم کے کئی ارکان اسمبلی ٹی آر ایس سے رابطے میں ہے ۔ اسمبلی حلقہ نلگنڈہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے آج چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ان کی کانگریس سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس میں شمولیت کی افواہیں گشت کرنے لگی جب ان سے ٹی آر ایس میں شمولیت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ پہلے حامی تلنگانہ ہے اور بعد میں کانگریسی ۔ انہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کیلئے کانگریس ہائی کمان پر دباؤ ڈالنے کیلئے وزارت سے استعفی دیا تھا ۔ رہی بات افواہوں کی یہ سب چلتی رہتی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کے ابھی صرف 4 ماہ مکمل ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر اور وزراء کو سنبھلنے کا ابھی وقت دینا چاہیے ۔ حکومت پر تنقیدیں کرنا جلد بازی ہوگی کیونکہ ریاست کی تقسیم اور علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کی تقسیم کا عمل پورا نہیں ہوا ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے دن رات کام کررہے ہیں ۔ ریاست میں برقی بحران سے کسان خودکشی کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں برقی بحران کیلئے ملزم نمبر ایک تلگودیشم اور ملزم نمبر دو کانگریس ہے ۔ دونوں ہی جماعتوں نے ریاست پر برسوں حکمرانی کی ۔ تاہم برقی بحران سے نمٹنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے ۔ برقی بحران کیلئے ٹی آر ایس کو ذمہ دار قرار دینا غلط ہے ۔