تلنگانہ میں برقی بحران سے نمٹنے کے لیے مرکز کا گرانقدر تعاون

حیدرآباد 6 ستمبر (سیاست نیوز)چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج نئی دہلی میں مختلف اہم شخصیتوں کے ساتھ ملاقات کے ذریعہ مصروف ترین گذارا ۔ انہوں نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، وزیر اعظم نریندر مودی اور بعض مرکزی وزراء سے ملاقات کی اور تلنگانہ کو در پیش مسائل سے واقف کرایا ۔ پارٹی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ وزیر اعظم پرنب مکرجی سے کے سی آر کی ملاقات کے دوران تقریبا 21 مسائل پر بات چیت کی گئی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکز سے تعاون کی خواہش کی اور اُن شعبوں کی نشاندہی کی جس میں مرکز کا تعاون ناگزیر ہے۔ چیف منسٹر نے آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014 کے مطابق تلنگانہ کو دی جانے والی ٹیکس رعایت، تلنگانہ میں 4000 میگا واٹ صلاحیت والے برقی پلانٹ کا قیام ،برقی کی تیاری کیلئے درکار کوئلے کی منظوری، محبوب نگر میں 1000 میگا واٹ صلاحیت والے سولار پارک کے قیام ، آل انڈیا سرویسس کے عہدیداروں کی تقسیم اور دیگر مسائل پر وزیر اعظم سے بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم کو مختلف امور پر تفصیلی نوٹ حوالہ کیا اور تلنگانہ کی ترقی میں مرکز کے تعاون کی اپیل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل کے برخلاف گورنر کو زائد اختیارات اور کھمم ضلع کے 7منڈلوں کے آندھرا پردیش میں انضمام جیسے مسائل پر بھی وزیر اعظم کی توجہ مبذول کروائی گئی ۔چیف منسٹر کے ہمراہ ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر کیشو راو ،جتیندر ریڈی ،ونود کمار اور بعض عہدیدار موجود تھے ۔وزیر اعظم نے تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں مرکز سے ہر ممکن تعاون کا تیقن دیا۔صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کے دوران ریاست کے مسائل سے واقف کرایا گیا ۔ چیف منسٹر نے آئندہ ماہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والی میٹرو پولیس کانفرنس میں شرکت کیلئے صدر جمہوریہ کو مدعو کیا ۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر توانائی پیوش گوئل سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں برقی بحران پر قابو پانے کیلئے مرکز سے تعاون کی خواہش کی۔ انہوں نے برقی کی قلت کے سبب مختلف شعبوں کو درپیش مسائل سے بھی واقف کرایا ۔ چیف منسٹر نے این ٹی پی سی کے ذریعہ تلنگانہ میں 4000 میگا واٹ برقی صلاحیت والے پراجکٹ کے قیام کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر نے تیقن دیا کہ کوئلہ کی کانوں سے متعلق سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمہ کی یکسوئی کے ساتھ ہی تلنگانہ کو کوئلہ کے الاٹمنٹ کے اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ 4000 میگا واٹ کے برقی پلانٹ کے قیام کیلئے جو اراضی مختص کی گئی ہے وہ ناکافی ہے لہذا اس میں توسیع دی جائے جس کے بعد مرکز برقی پلانٹ کے قیام کے اقدامات کرے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پیوش گوئل سے اپیل کی کہ وہ آندھرا پردیش سے 500 میگا واٹ برقی تلنگانہ کو آلاٹ کرنے کے اقدامات کریں جو کہ تلنگانہ کا حق ہے ۔ مرکزی وزیر توانائی نے چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کریت ہوئے کہا کہ محبوب نگر ضلع میں 1000 میگا واٹ کا سولار برقی پراجکٹ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں برقی بحران کے حل کیلئے مرکز اور ریاست کی حکومتیں مشترکہ طور پر کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 4000 میگا واٹ برقی پراجکٹ کے قیام کا تیقن آندھرا پردیش تنظیم جدید بل میں موجود ہے۔تاہم مرکزی حکومت پہلے مرحلے میں 1320 میگا واٹ صلاحیت کے پلانٹ کے قیام کو یقینی بنائے گی ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ریاستوں کے لئے علحدہ ہائی کورٹس کے قیام کی اپیل کی۔ انہوں نے ریاست سے متعلق مختلف پراجکٹس اور امور کے سلسلہ میں موجود قانونی تنازعات پر بھی روی شنکر پرساد سے بات چیت کی۔