برقی کی خریداری پر مشاورت ، پرنسپل سکریٹری محکمہ توانائی سریش چندا چھتیس گڑھ روانہ
حیدرآباد۔/27جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے موجودہ برقی بحران کی یکسوئی کیلئے چھتیس گڑھ حکومت سے تعاون کی خواہش کی ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپال سکریٹری محکمہ توانائی مسٹر سریش چندا ( آئی اے ایس) کو چھتیس گڑھ روانہ کیا گیا جہاں وہ برقی کی امکانی خریدی کے بارے میں عہدیداروں سے مشاورت کریں گے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے حکومت چھتیس گڑھ سے مشاورت کیلئے پرنسپال سکریٹری انرجی کو چھتیس گڑھ روانہ ہونے کی ہدایت دی تھی۔ وہ چھتیس گڑھ کے برقی عہدیداروں اور حکومت کے نمائندوں سے بات چیت کریں گے اور تلنگانہ کی ضرورت سے واقف کرائیں گے۔ چھتیس گڑھ میں موجود فاضل برقی کی خریدی میں تلنگانہ حکومت دلچسپی رکھتی ہے تاکہ ریاست میں برقی کے بحران سے نمٹا جاسکے۔ حکومت نے برقی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک ہنگامی منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت تلنگانہ میں نئے برقی پراجکٹس کا قیام، مرکز کے ادارہ این ٹی پی سی کی جانب سے 4000میگاواٹ برقی صلاحیت والے پراجکٹ کا تلنگانہ میں قیام شامل ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے برقی کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چھتیس گڑھ سے برقی کی خریدی پر توجہ مرکوز کریں تاکہ کسانوں کو موثر طور پر برقی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کو برقی کے سنگین بحران کا سامنا ہے۔ حکومت آندھرا پردیش نے اس کے علاقوں میں موجود برقی پیداواری پراجکٹس سے تلنگانہ کو برقی کی سربراہی کے سلسلہ میں شرط رکھی ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے واضح کردیاکہ آندھرا پردیش کی ضرورتوں کی تکمیل کے بعد فاضل برقی کی صورت میں اسے تلنگانہ سربراہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ بہت جلد نئی دہلی دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ برقی بحران کی یکسوئی کے سلسلہ میں مرکز سے تعاون کی اپیل کریں۔