حیدرآباد۔10ستمبر (یواین آئی) تلنگانہ میں حال ہی میں بجلی کی کھپت 10ہزار598 میگاواٹ ہوگئی ہے ۔ریاستی ڈسکام نے یہ بات بتائی۔افسروں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کم بارش کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔ریاست میں بارش میں کمی ہوئی ہے ۔چونکہ دھان کی پیداوار زوروں پر ہے ، پانی کی ضروریات بڑھ گئی ہیں جس کے لئے مزید بجلی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ڈسکام نے یہ بھی کہا کہ 31جولائی کو 10,429 میگاواٹ کی مانگ سے نمٹا گیا اور توقع ہے کہ جلد ہی وہ نئی بلندی کو پہنچے گی ۔ ڈسکام نے کہا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے طلب سے نمٹنے کی تیاری کی جارہی ہے اور مانگ سے نمٹنے کے لئے بجلی کے اداروں کے ساتھ اتحاد کیاگیا ہے ۔تلنگانہ اسٹیٹ جینکو اور تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسکو کے چیرمین ومنیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ اگر بارش نہیں ہوئی تو بجلی کی مانگ اس ماہ کے اواخر تک بڑھ کر 11ہزار میگاواٹ ہوجائے گی۔