تلنگانہ میں بارش ،مختلف ذخائر آب کی آبی سطح میں بتدریج اضافہ

حیدرآباد 30 جولائی (یو این آئی) تلنگانہ میں کئی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ بارش کے سبب حیدرآباد کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے عوام کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ۔ کوٹھی ، عابڈس ، دلسکھ نگر ، ایل بی نگر ، امیر پیٹ ، ایس آر نگر ، جوبلی ہلز ، بنجارہ ہلز ، مہدی پٹنم ، راجندر نگر ، شمس آباد ، کوکٹ پلی ، حمایت نگر اور دوسرے علاقوں میں بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ۔ شہر میں4.9 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) کے مطابق ملکاجگری میں 66.75 ملی میٹر ، مامڈی پلی میں 60.5 ، قطب اللہ پور 51.25 ، ترملگری 48.5 ، جیڈی میٹلہ 47.25 ، کاپرا میں37.5 ،شاہ پور 37.5 ، ویسٹ ماریڈ پلی میں 31 ، شیورام پلی میں 29، ملکاپور 24.5 اور بنڈلہ گوڑہ میں 22ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ناچارم کی انا پورنا کالونی میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع اور گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا ۔ اسی دوران ریاست میں بارش سے مختلف ذخائر آب کی آبی سطح میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ ضلع عادل آباد کے کڈم پروجیکٹ میں4500 کیوزک پانی کا بہاؤ دیکھا گیا جس کے بعد 11ہزار کیوزک پانی اس سے چھوڑا گیا ۔ اس کی مکمل سطح 700 فیٹ ہے ۔ موجودہ سطح967 فیٹ ہے ۔ سری سیلم پروجیکٹ میں بھی پانی کا بہاؤ دیکھا گیا ۔ اس کی مکمل سطح آب885 فیٹ ہے ۔ جبکہ اس کی موجودہ سطح814.70 فیٹ درج کی گئی ہے ۔ اس میں 33259 کیوزک پانی آیا ۔ نظام آباد کے سری رام ساگر پروجیکٹ میں 30ہزار کیوزک پانی کا بہاؤ دیکھا گیا ۔