تلنگانہ میں ایونٹس انڈسٹری ادارہ کا قیام

حیدرآباد۔/27اگسٹ ، ( پی ٹی آئی) نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ مختلف پروگراموں، کانفرنسوں اور بڑی تقاریب کے انعقاد کے ماہر شعبہ کو صنعت کا درجہ دیتے ہوئے اس کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔ اس مقصدکیلئے ایک نئے صنعتی ادارہ تلنگانہ چیمبرس آف ایونٹس انڈسٹری ( ٹی سی ای آئی) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ٹی سی ای آئی غیر منفعتی خانگی ادارہ ہوگا جس میں 6صنعتی ذیلی شعبے ہوں گے جن میں ایونٹس، آواز، روشنی، ویڈیو، فروغ دہندگان، کیٹررس اور تفریح فراہم کنندگان شامل رہیں گے۔ تلنگانہ کے وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے اس ادارہ کا رسمی طور پر افتتاح کیا۔ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق کے ٹی راما راؤ نے اس نئے پیشہ ورانہ ادارہ کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام میں مذکورہ صنعت کے ساتھ حکومت کے ربط کو آسان بنادیا ہے۔ کسی بھی صنعت کی ترقی کیلئے صنعتی ادارہ بھی ضروری ہوتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ ٹی سی ای آئی جیسے ادارہ کا قیام عمل میں آیا ہے جو سارے ہندوستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے یہ ایک بہترین سعی ہے۔راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت حیدرآباد میں کئی عالمی ایونٹس کا انعقاد دیکھنے سے دلچسپی رکھتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں تقاریب کے انعقاد سے متعلق یہ صنعت تخمیناً 300کروڑ روپئے کا کاروبار کرسکتی ہے اور مختلف ایونٹس کے انعقاد کیلئے سنگل ونڈو منظوری کیلئے اس صنعت کی درخواست سے اتفاق کرلیا گیا ہے۔