تلنگانہ میں ایمس کے قیام کی راہ ہموار ‘ بی بی نگر میں مختص ارادی کو مرکز کی منظوری

حیدآباد ۔ /26 جولائی (سیاست نیوز) ملک کے باوقار آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینس (ایمس) کی خدمات عنقریب تلنگانہ میں شروع ہونے والی ہیں ۔ ضلع بھونگیر کے بی بی نگر میں ایمس کے قیام کیلئے حکومت تلنگانہ کی مختص کردہ اراضی کو مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے منظوری دے دی ہے جس سے تلنگانہ میں ایمس قائم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ ایمس کے قیام کیلئے جو عمارتیں تعمیر کی گئی تھی اس میں طبی خدمات کا آغاز کرنے کا مرکز نے فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کرکے بی بی نگر کی اراضی ان کے حوالے کرنے کے علاوہ مزید 49 ایکر اراضی بھی مرکز کے حوالے کرنے کے ساتھ سڑکیں ، بر قی کے علاوہ دوسری بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے ۔ مرکزی پی ایم ایس وائی کے ڈائرکٹر سنجے راہنے نے تلنگانہ محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری شانتی کماری کو مکتوب روانہ کرکے مرکز کے فیصلے سے واقف کرایا ہے ۔ واضح رہے کہ چند دن قبل مرکز کے ایک وفد نے بی بی نگر اراضی کا معائنہ کیا تھا ۔ بھونگیر کی نمائندگی کرنے والی ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ نرسیا گوڑ نے بڑی جدوجہد کے بعد تلنگانہ کو ایمس ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی منظور ی ایمس کے قیام میں پہلا قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال ہی ابتدائی طبی خدمات شروع کرنے کی حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی ۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے ایمس کی منظور ی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی کوشش کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ باوقار ایمس کی طبی خدمات تلنگانہ کو حاصل کرنے چیف منسٹر کے سی آر نے جو جدوجہد کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ تلنگانہ میں ایمس کے قیام میں تعاون کرنے پر مرکزی حکومت و عہدیداروں سے ڈاکٹر لکشما ریڈی نے اظہار تشکر کیا ہے ۔