تلنگانہ میں ایس ایس سی کے آج نتائج آندھرا پردیش میں 20 مئی کو اعلان

حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں ماہ مارچ کے دوران منعقدہ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج کا کل یعنی 17 مئی کو اعلان کیا جائے گا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر ریاست تلنگانہ امور تعلیم مسٹر کے سری ہری کل 17 مئی کو 11 بجے دن کانفرنس ہال ڈی بلاک سکریٹریٹ تلنگانہ میں امتحانات ایس ایس سی کے نتائج جاری کریں گے ۔ اس موقع پرپرنسپال سکریٹری ، محکمہ تعلیم ، سکریٹری بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن و دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود رہیں گے ۔۔
٭٭ ریاست آندھرا پردیش میں ماہ مارچ کے دوران منعقدہ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج کا 20 مئی کو دوپہر دو بجے دن وشاکھا پٹنم میں اعلان کیا جائے گا ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 21 مئی کو کاکناڈا میں جاریہ ماہ منعقدہ ایمسیٹ 2015 ( آندھرا پردیش ) کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے دیگر امتحانات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی کو ’ آئی سیٹ ‘ کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور یکم جون کو ریاست آندھرا پردیش میں اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے کے لیے منعقدہ ڈی ایس سی 2015 کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش میں اساتذہ کے تبادلے عمل میں لائے جائیں گے اور تبادلوں کے عمل کو 30 مئی تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ تبادلوں کے ابتدائی عمل کو شروع کرنے کے لیے دی گئی ہدایت کی روشنی میں انتہائی شفافیت کے ساتھ اساتذہ کے تبادلوں کی کارروائی کی جائے گی ۔ اور کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں کریں گے ۔ مسٹر جی سرینواس راو نے مزید بتایا کہ ماہ جون کے پہلے ہفتہ میں ایمسیٹ آندھرا پردیش کی کونسلنگ منعقد کی جائے گی۔
ایمسیٹ کونسلنگ میں کسی بھی قسم کی بے قاعدگیوں کا موقعہ فراہم نہیں کیا جائے گا بلکہ مکمل شفافیت برتی جائے گی ۔۔