تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کا اختتام

حیدرآباد۔/8اپریل، ( آئی این این ) تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کا آج اختتام عمل میں آیا۔ 25مارچ سے شروع ہونے والے یہ امتحانات پرامن منعقد ہوئے۔ تقریباً 10978 اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 5.65لاکھ طلبہ نے ریاست بھر کے 2383 امتحانی مراکز میں منعقدہ امتحان میں شرکت کی۔ ایس ایس سی امتحانات کے اختتامی دن امتحان ہال کے باہر نکلتے ہوئے طلبہ نے خوشی اور جوش کا مظاہرہ کیا۔

تلنگانہ گورنمنٹ جونیر کالجوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی
حیدرآباد۔/8اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے گورنمنٹ جونیر کالجوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت موثر اقدامات کرے گی۔ بالخصوص جونیر کالجوں کی حد بندی، باؤنڈری والس، زاید کلاس رومس، پینے کے پانی کی فراہمی بشمول واٹر فلٹرس، بیت الخلاؤں کی تعمیر، بالخصوص گرلز جونیر کالجوں میں تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت رقومات فراہم کرنے کے اقدامات کی ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس طرح ریاستی حکومت نے جونیر کالجوں میں تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 82 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے احکامات بھی جاری کی ہے۔
ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ نبارڈ کی جانب سے یہ مالی امداد فراہم کی جارہی ہے اور ان رقومات سے گورنمنٹ جونیر کالجوں میں مختلف نوعیت کے مرمتی کام بھی انجام دیئے جائیں گے۔