انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل سے ٹی آر ایس کو شکست، پارٹی ترجمان نظام الدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے آسرا پنشن کی اجرائی میں چھ ماہ کی تاخیر پر تنقید کی۔ پارٹی ترجمان سید نظام الدین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جی او 32 کے ذریعہ آسرا پنشن کی رقم کو ایک ہزار سے بڑھاکر 2016 روپئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس نے اسمبلی انتخابات سے قبل عوام سے یہ وعدہ کیا تھا جس کے تحت احکامات جاری کیے گئے۔ کانگریس پارٹی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے کیوں کہ وعدے کی تکمیل سے غریبوں کا فائدہ ہوگا۔ نظام الدین نے کہا کہ انتخابی وعدے پر عمل آوری کے لیے کے سی آر حکومت نے چھ ماہ کی تاخیر کردی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کا بہانہ بناکر اس وعدے پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آسرا پنشن کے تحت رقم میں اضافہ دراصل کانگریس پارٹی کی نقل ہے۔ کانگریس نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ برسر اقتدار آنے کی صورت میں پنشن کی رقم ایک ہزار سے بڑھاکر دو ہزارکردی جائے گی۔ کانگریس کی اسکیم کی نقل کرتے ہوئے کے سی آر نے محض 16 روپئے کا اضافہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ جولائی سے اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس سے غریب عوام اضافی رقم سے محروم ہوگئے۔ نظام الدین نے کہا کہ کسانوں کے لیے فصلوں پر امدادی رقم سے متعلق رئیتو بندھو اسکیم کے لیے 8 ہزار کو 10 ہزار کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن حکومت نے اضافی رقم کے ساتھ ادائیگی کے سلسلہ میں تاحال کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ کے سی آر حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ماہانہ 3016 روپئے بھتے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک رہنمایانہ خطوط تیار نہیں کیئے گئے اور نہ ہی بے روزگار نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے سبب لوک سبھا چنائو میں عوام نے کے سی آر کو سبق سکھایا ہے۔ کانگریس پارٹی لوک سبھا چنائو میں تین نشستوں پر کامیابی کے ساتھ مستحکم موقف میں ابھری ہے۔ نلگنڈہ، بھونگیر اور ملکاجگری سے کانگریس نے کامیابی حاصل کی جس سے پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی شاندار واپسی کرے گی اور دوبارہ برسر اقتدار آنا یقینی ہے۔ عوام کی ناراضگی کے نتیجہ میں ٹی آر ایس کو 7 نشستوں سے محروم ہونا پڑا۔ کسانوں سے کیئے گئے وعدے کی تکمیل میں ناکامی کا نتیجہ ہے کہ چیف منسٹر کی دختر کویتا نظام آباد میں شکست سے دوچار ہوگئی اور حکومت کے رویہ میں تبدیلی نہ ہو تو کے سی آر کو اس طرح کے مزید جھٹکے لگیں گے۔