تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان

حیدرآباد 6 مئی (سیاست نیوز) ساحلی آندھرا اور پڑوسی علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث کل بعض علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے سائنسداں نرسمہا راؤ کے مطابق جنوبی ٹاملناڈو اور کیرالا میں اچھی بارش ہوگی جبکہ آندھراپردیش میں اوسط درجہ کی بارش یا ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ ساحلی آندھرا اور رائلسیما کے علاوہ تلنگانہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ دونوں شہروں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ شہر کے بعض حصوں میں بارش یا ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔ اِسی دوران تلنگانہ کے علاقہ سنگاریڈی، پرگی، ونپرتی، چیوڑلہ میں بارش سے عوام کو گرمی سے راحت ملی۔ ساحلی آندھرا، رائلسیما اور تلنگانہ کے ایک دو علاقوں میں درجہ حرارت کم ہوجائے گا۔ رینٹا چنتلا میں اِس موسم کا سب سے شدید درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔