ہیومن لائف اوکینگ سوسائٹی کے کل جماعتی اجلاس سے عزیز پاشاہ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔2ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میںاوقافی جائیدادوں کی بازیابی کے لئے ماحول کو سازگار قراردیتے ہوئے سینئر کمیونسٹ قائد وسابقہ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ پچھلے کئی سالوں سے متحدہ ریاست آندھرا پردیش میںاوقافی جائیدادوں کی صیانت کے متعلق بڑے پیمانے پر تحریکات چلائے جارہے ہیں اور علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے نئی ریاست کا جائزہ لینے والے کے چندرشیکھر رائو کے اعلانات بالخصوص اقلیتوں کے تئیںہمدردی کا اظہار ریاست کے اوقافی جائیدادوں کی صیانت کے لئے موثر ذریعہ ثابت ہوگا۔آج یہاں ہیومن لائف اوکینگ سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ کل جماعتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب سیدعزیزپاشاہ اوقافی جائیدادوں کی صیانت کے لئے جہد مسلسل کو لازمی قراردیا او رکہاکہ ایچ اے ایس انڈیا کی جانب سے تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کی بازیابی کے لئے شروع کردہ اس تحریک میںتیزی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اجلاس میںموجود اوقافی جائیدادوں کی صیانت کے متعلق سنجیدہ افراد کو وفد کی شکل دیکر چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو سے نمائندگی کرنے کی تجویز بھی پیش کی اور کہاکہ اس ضمن میںوفد کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے مکمل تعاون ملے گا۔انہوں نے تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کی صیانت کے لئے رائے عامہ ہموار کرنے کے بعد نمائندگیوں کا سلسلہ شروع کرنے کی بات پر زوردیتے ہوئے کہاکہ نمائندگیوں کو نظر انداز کئے جانے کے خدشات پر بڑے پیمانے پر تحریک شروع کرنے کا بھی مشورہ دیا اور کہاکہ اس سے ٹھوس نتائج برآمد ہونگے۔ مولانا سید طارق قادری صدر ایچ اے ایس انڈیا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق میںتلنگانہ کے اوقافی جائیدادوںکے ساتھ زبردست کھلواڑکیا گیا جس میںغیروں کے ساتھ اپنوں نے بھی اہم رول ادا کیا۔ مولانا حامد محمد خان نے ٹی آر ایس پارٹی کے انتخابی منشور کی جانب توجہہ دلائی اور کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست اپنے انتخابی منشور کو روبعمل لاتے ہوئے ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے کا بار باراعلان کررہے ہیں اور اسی انتخابی منشور کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ٹی آر یس پارٹی نے اوقافی جائیدادوں کی دھاندلیوں کے متعلق سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کا وعدہ کیا ہے جس کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ مولانا حامد حسین شطار ی نے بھی ریاست تلنگانہ کے اوقافی جائیدادوں کی بازیابی او رصیانت کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ٹھوس اقدامات کو ضروری قراردیا۔ مولانا غلام صمدانی علی قادری معتمد انجمن قادریہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرض شناس عہدیدار کے تقرر کے ذریعہ تلنگانہ کے اوقافی جائیدادوں کی صیانت کو یقینی بنانے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔صدر کل ہند مسلم سنگھم خالد رسول خان نے سنگھم کی جانب سے تشکیل دئے گئے وقف جے اے سی کی جانب سے کی گئی نمائندگیوں کا اس موقع پر تذکرہ کیا اور کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ سے اس ضمن میںراست نمائندگی ہی تلنگانہ کے اوقافی جائیدادوں کی بازیابی او رصیانت کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگی۔کنونیر ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی ‘ مسلم فرنٹ ثناء اللہ خان نے تلنگانہ میںاوقافی جائیدادوں کو محفوظ کرنے کے لئے متحدہ جدوجہد کو ضروری قراردیا۔ جناب ایم اے باسط‘میجر قادری‘ نعیم اللہ شریف‘مجاہد ہاشمی‘ عبدالقدوس غوری اور دیگر نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔جنرل سکریٹری ایچ اے ایس انڈیا مولانا سید عبدالقادر قادری المعروف وحید پاشاہ نے تمام شرکاء کا استقبال کیا اور خازن مولانا حسین محمد قادری کے شکریہ پر اجلاس کا اختتام عمل میںآیا۔