تلنگانہ میں اوسط سے تیز بارش کا امکان

حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں کئی مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ لکشدیپ علاقہ اور متصلہ کیرالا کے ساحل پر طوفانی ہواؤں کے اثرات 3.1 کیلو میٹر تک پھیلے ہوئے ہیں ۔ اس کی وجہ سے چھتیس گڑھ تا لکشدیپ اور تلنگانہ و رائلسیما میں سمندری لہریں کافی بلند ہوگئی ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ان ہواؤں اور تموج کے اثر سے تلنگانہ اضلاع عادل آباد ، نظام آباد ، کریم نگر ، ورنگل ، کھمم ، میدک ، رنگاریڈی ، حیدرآباد ، نلگنڈہ اور محبوب نگر میں تیز سے اوسط اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی ۔ جنوبی ہند میں تقریباً ایک ہفتہ طوفان کا اثر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ حیدرآباد اور مضافات میں مطلع ابر آلود رہے گا اور گرج چمک یا بارش کا امکان ہے ۔ درجہ حرارت 37 اور 26 ڈگری کے درمیان رہے گا ۔