تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ سال اول کے نتائج کا اعلان

حیدرآباد۔/22اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گذشتہ ماہ مارچ کے دوران منعقدہ امتحانات انٹر میڈیٹ سال اول کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے آج انٹر میڈیٹ سال اول کے نتائج جاری کئے۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سری ہری نے بتایا کہ گذشتہ ماہ مارچ میں منعقدہ امتحانات انٹر میڈیٹ سال اول ( جنرل ) میں جملہ 431363 طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ جن کے منجملہ 239954 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی جبکہ کامیابی کا جملہ اوسط 55.62 فیصد رہا۔ جس میں طالبات کو کامیابی کا اوسط 61.68 فیصد اور طلباء کی کامیابی کا اوسط 49.60 فیصد رہا۔ اس طرح ان نتائج میں لڑکوں ( طلباء ) کے مقابلہ میں لڑکیوں ( طالبات ) کو زبردست سبقت حاصل رہی۔ اس کے علاوہ انٹر میڈیٹ سال اول ( ووکیشنل ) میں جملہ 35085 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن کے منجملہ 15240 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی جبکہ کامیابی کا جملہ اوسط 43.43 فیصد رہا۔

جس میں طالبات کی کامیابی کا اوسط 53.56 فیصد اور طلباء کی کامیابی کا اوسط 37.42 فیصد رہا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ سال اول کے جاری کردہ نتائج میں ضلع رنگاریڈی کو پہلا مقام حاصل ہوا جبکہ دوسرا مقام حیدرآباد کو حاصل ہوا اور سب سے آخری مقام ضلع نلگنڈہ کو حاصل ہوا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ سال 2014 میں انٹر میڈیٹ سال اول کے نتائج کا اوسط 52.65 تھا۔ اس طرح سال گذشتہ اور جاریہ سال کے مقابلہ میں نتائج کا اوسط تقریباً 3فیصد زائد رہا۔ مسٹر سری ہری نے کہا کہ ناکام طلبہ کیلئے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان کا 25مئی تا یکم جون انعقاد عمل میں لایا جائے گا

اور اس اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان کیلئے فیس داخل کرنے کیلئے آخری تاریخ یکم مئی مقرر ہے اور یکم مئی کے بعد جرمانہ وغیرہ کے ساتھ فیس کسی بھی صورت میں قبول نہیں کی جائے گی کیونکہ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان کیلئے جرمانہ کے ساتھ فیس وصول کرنے یا قبول کرنے کا طریقہ کار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے امیدوار جو انٹر میڈیٹ سال اول میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں اور امپرومنٹ کیلئے امتحان تحریر کرنا چاہتے ہیں تو طلباء کو چاہیئے کہ فی پرچہ 100 روپئے فیس ادا کرکے امپرومنٹ امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں اور پرچوں کے نشانات کی دوبارہ گنتی کروانا چاہتے ہوں تو فی پرچہ 100روپئے فیس داخل کرنے کے علاوہ 600روپئے پرچہ کی فوٹو کاپی کے حصول کیلئے ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم شریمتی رنجیورکر آچاریہ و دیگر موجود تھے۔ قبل ازیں ڈاکٹر اے اشوک سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن ریاست تلنگانہ نے خیرمقدم کیا۔