تلنگانہ میں انٹر طلبہ کی خود کشی واقعات پر چندرا بابو کا اظہار دکھ

حیدرآباد24اپریل(یواین آئی) آندھراپردیش کے وزیراعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے پڑوسی ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کی خودکشی کے واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے اس سلسلہ میں کئے گئے ٹوئیٹ میں کہا کہ یہ خراب صورتحال ہے ۔انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ تابناک مستقبل کے حامل طلبہ کی خودکشی افسوسناک ہے ۔انہوں نے یہ انتہائی اقدام کرنے والے طلبہ کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہا رکیا۔انہوں نے تلگوزبان میں کئے گئے اپنے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں کہا کہ وہ طلبہ سے ایک ہی درخواست کرتے ہیں کہ صرف امتحان میں پاس ہونا ہی زندگی نہیں ہے بلکہ امتحان طلبہ کے ٹیالنٹ کی شناخت ہے۔امتحان سے زیادہ طلبہ کی زندگی اہم ہے ۔زندگی امتحان سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔امتحان میں ناکامی سے طلبہ کی زندگی مختصر نہیں ہوگی ۔طلبہ سے کی گئی امیدوں کو انہیں پورا کرنا چاہئے ۔واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں بعض طلبہ کے سابق میں بہتر تعلیمی مظاہرہ کے باوجود ان کو ناکام قرار دیاگیا تھا ۔انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے بعد کئی طلبہ نے تلنگانہ میں خودکشی کی اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی کارکردگی پر کئی سوالات طلبہ او راولیائے طلبہ نے اٹھائے ہیں۔