تلنگانہ میں انٹرامتحان 28فروری سے شروع

حیدرآباد، 24 فروری (یو این آئی) تلنگانہ میں 28فروری سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحان میں 9,63,546طلبہ بشمول 4,55,635 سال اول اور 5,07,911سال دوم کے طلبہ شرکت کریں گے ۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے ریاست بھرمیں ان امتحانات کے آسان انعقاد کے لئے 1294مراکز قائم کئے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے سکریٹری اے اشوک نے کہاکہ 25,395نگران کاروں کو امتحان کے ان مراکز پر تعینات کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 1,294سپرنٹنڈنٹس اور 1,294ڈپارٹمنٹل افسروں کے علاوہ 50فلائنگ اسکواڈس اور 200سٹنگ اسکواڈ بنائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور جی پی آر ایس سسٹم پرعمل کیاجائے گا تاکہ ایم ایم ایس اور ایس ایم ایس کو بلاک کرتے ہوئے امتحانی مراکز سے پرچہ سوالات کو لیک ہونے سے روکا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ امتحان ہال میں چیف سپرنٹنڈنٹس سمیت کسی کو بھی کو فون یا الیکڑانک آلات لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔اشوک نے کہاکہ ہال ٹکٹس 26فروری سے بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔