حیدرآباد11 اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے اندرون تین ماہ تلنگانہ میں پنچایت انتخابات کروانے کی ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے ۔پنچایتوں میں اسپیشل آفیسرس کی تعیناتی پر سوال کرتے ہوئے بعض افراد حیدرآباد ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے اور اس خصوص میں عدالت میں عرضی داخل کی۔ ان افراد نے اپنی عرضیوں میں کہا کہ پنچایت جن کی میعاد ختم ہوچکی ہیں، ان میں حکومت کی جانب سے اسپیشل آفیسرس کو تعینات کیاگیا ہے جو قانون کے خلاف ہے ۔ان عرضیوں کو ملا کر ہائی کورٹ نے ان کی سماعت کی اور عرضی گزاروں کے وکلا کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تلنگانہ میں اندرون تین ماہ پنچایت انتخابات کروانے کی ریاستی حکومت اور الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ۔عدالت نے پنچایت انتخابات اب تک نہ کروانے اور فہرست رائے دہندگان میں نقائص پر برہمی کا بھی اظہار کیا ۔ عدالت نے اندرون تین ماہ انتخابات کروانے تک اسپیشل افسروں کوبرقراررکھنے اوران کے ذریعہ انتخابی عمل کروانے کی بھی ہدایت دی۔عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ جمہوریت میں انتخابات کروانا ضروری ہے اور مختلف وجوہات کے سبب ان کو ملتوی کرنا بہتر طریقہ کار نہیں ہے ۔