تلنگانہ میں اندرون 3 سال فاضل برقی نئے وزیر لکشما ریڈی کا دعویٰ

حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (آئی این این) وزیر توانائی سی لکشما ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اندرون تین سال برقی شعبہ میں فاضل ریاست بن جائیگی۔ آج سیکریٹریٹ میں عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ریاست میں تمام برقی پراجیکٹس اور اس سے متعلق یادداشت مفاہمت پر موثر عمل یقینی بنانے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی جارہی ہے۔مختلف برقی پراجیکٹس کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ سے 1000 میگا واٹ برقی سربراہی کیلئے دستخط شدہ یادداشت مفاہمت پر موثر عمل کیلئے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 80 ہزار نئے کنکشنس کیلئے درخواستیں زیرتصفیہ ہیں اور انہوں نے ڈیمانڈ ڈرافٹ داخل کرنے کے بعد اندرون 24 گھنٹے نئے کنکشنس کا تیقن دیا۔